انسداد دہشتگردی عدالت نے 26نومبر احتجاج کیس میں علیمہ خان سمیت 10ملزموں پر فرد جرم عائد کردی۔

فرد جرم تھانہ صادق آباد کے مقدمہ میں عائد کی گئی،عدالت نے آئندہ سماعت پر استغاثہ کے 5گواہ طلب کرلئے،سب انسپکٹر ظہیر اور اقبال آئندہ سماعت پر شہادت کیلئے طلب کئے گئے ہیں،عدالت نے اے ایس آئی کاظم رضا، طارق محمود اورکانسٹیبل بابرکو بھی آئندہ سماعت پر طلب کرلیا،عدالت نے مقدمہ کی سماعت 17اکتوبر تک ملتوی کردی، مقدمہ کی سماعت اے ٹی سی جج امجد علی شاہ نے کی۔

سماعت کے بعد علیمہ خان کا کہنا تھا کہ مجھ پر الزام ہے کہ میں نے عمران خان کا پیغام عوام تک پہنچایا اس لیے دہشتگردی کا پرچہ کاٹا گیا میں نے جج سے پوچھا میں نے تو 15 لوگوں کے سامنے بات کی عوام تک تو وہ پیغام میڈیا نے پہنچایا دہشتگردی تو اس لحاظ سے میڈیا کر رہا ہے اس پرچے میں میڈیا کو شامل کیوں نہیں کیا،60 ایف آئی آرز میں نامزد کر کے یہ کبھی ایک کیس میں وارنٹ نکال دیتے ہیں کبھی دوسرے کیس کی وارنٹ نکال دیتے ہیں یہ کہاں کا انصاف ہے ۔خوف اور ظلم کی فضا تب ختم ہوگی جب ہم اسے چیلنج کریں گے، میری گرفتاری کے وارنٹ کیوں نکالے ہیں ہم ان سے نہیں گھبرا رہے ہیں۔

Shares: