علی امین گنڈاپور روز اول سے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ رابطے میں ہیں،خواجہ آصف
سلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور روز اول سے وفاقی حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ رابطے میں ہیں-
باغی ٹی وی : وزیر دفاع نے پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت بانی پی ٹی آئی کو ریلیف ملنا ممکن نہیں ہے، پی ٹی آئی سر توڑ کوششیں کر رہی ہے کہ 24 نومبر کا احتجاج نہ کرنا پڑے، سیاسی اور عسکری قیادت ملکی معاملات کو آگے لے کر جا رہی ہے، پاکستان تحریک انصاف اب راہ فرار ڈھونڈ رہی ہے۔
وزیر دفاع نے علی امین گنڈاپور اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان رابطوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ گنڈاپور روز اول سے وفاقی حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ رابطے میں ہیں، علی امین گنڈاپور جلوسوں سے غائب ہو کر برآمد ہوتے ہیں علی امین گنڈاپور بانی پی ٹی آئی کی مرضی سے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ رابطے میں ہیں، احتجاج میں دو دن باقی ہیں بہت کچھ ہو سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جلسے کی اجازت دی جا سکتی ہے لیکن وفاق پر حملہ آور ہونے کی اجازت نہیں دی جا سکتی،بانی پی ٹی آئی صیہونی لابی کا بندہ ہے، اس کے حق میں بیرون ملک لابینگ ہو رہی ہے،افغانستان کی سرزمین دہشتگری کے لئے استعمال ہو رہی ہے، ہندوستا ن دہشتگردوں کی پشت پناہی کر رہا ہے، بلوچستان کے لاپتہ افراد خودکش حملوں اور دہشتگردی میں ملوث نکلے ہیں، پاک فوج ہمیں محفوظ بنانے کے لئے بے پناہ قربانیاں دے رہی ہے۔