سابق وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈا پور کی طرف سے معروف ٹی وی اینکر آفتاب اقبال کو لیگل نوٹس جاری کر دیا گیا
جھوٹ اور مذہبی منافرت کے ذریعے عوام کو گمراہ کرنے پر یوٹیوبر آفتاب اقبال کو قانونی نوٹس بھجوایا گیا جس میں کہا گیا کہ آفتاب اقبال نے اپنی ویڈیو میں بےبنیاد اور گمراہ کن الزامات لگائے، جن میں انہوں نے "ابرہام اکارڈ” جیسے مذہبی اور حساس معاملے کو سابق وزیر اعلیٰ کے ساتھ منسلک کرنے کی کوشش کی۔ اس عمل کو عوامی سطح پر مذہبی جذبات بھڑکانے اور نفرت انگیزی کے مترادف قرار دیا گیا۔ نوٹس کے مطابق، اس پروپیگنڈے سے نہ صرف سابق وزیراعلیٰ علی امین خان گنڈاپور کی سیاسی اور سماجی ساکھ کو نقصان پہنچا بلکہ عوامی جذبات مجروح ہوئے۔ آفتاب اقبال کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے الزامات واپس لیں، عوامی طور پر معافی مانگیں، اور آئندہ اس نوعیت کے بیانات سے گریز کریں، بصورت دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔







