وفاقی وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پورکی گلگت بلتستان کے یوم آزادی پر مبارک باد

0
29
ali ameen gandapur

وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پورنے گلگت بلتستان کے یوم آزادی پرگلگت بلتستان کی عوام کو مبارک باد پیش کی ہے،

اسلام آباد ۔ 31 اکتوبر (اے پی پی) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پورنے گلگت بلتستان کے یوم آزادی پرگلگت بلتستان کی عوام کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج سے 72 سال قبل گلگت بلتستان کے غیور اور بہادر عوام نے ڈوگر راج کی غلامی کی زنجیروں کو توڑتے ہوئے ڈوگروں اور سکھوں سے 28 ہزار مربعہ میل کا علاقہ آزاد کرانے میںجو کامیابی حاصل کی اس کی بدولت آج گلگت بلتستان کے عوام اپنے نظریات کے مطابق آزادی سے زندگی بسر کر رہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ 72 سال قبل گلگت بلتستان کے اسلاف کی قربانیوں کے باعث آج گلگت بلتستان کے عوام آزاد فضائوں میں سانس لے رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان گلگت بلتستان کی ترقی و خوشحالی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ گلگت بلتستان میں اقتصادی راہداری ،سیاحت اور معدنیات کے شعبوں میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے جس سے فائدہ اٹھانے کے لیے سب کو مل کے کام کرنا ہو گا،

انہوں نے کہا کہ 72 سال قبل ہمارے آبا و اجداد کی قربانیاں ہم سے اس امر کا بھی تقاضا کرتی ہیں کہ ہم گلگت بلتستان کی ترقی وخوشحالی کے لیے خلوص نیت سے کام کریں۔ علی امین خان گنڈا پور نے کہا کہ یکم نومبر کا دن اس امر کی تجدید کا بھی دن ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کی فضا کو برقرار رکھتے ہوئے اس خطے کی تعمیر و ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے۔انہوںنے کہاکہ گلگت بلتستان کے عوام مخلص ہیں اور وہ پاکستان سے بے پناہ محبت کرتے ہیں اور اس محبت کا یہ تقاضا ہے کہ ہم گلگت بلتستان کی ترقی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں جس پر وفاقی حکومت بڑی سنجیدگی سے عمل پیرا ہے،

Leave a reply