اوچ شریف: کرکٹ اسٹیڈیم کو شہید علی حسن گیلانی کے نام سے منسوب کرنے کا مطالبہ

اوچ شریف،باغی ٹی وی( نامہ نگار حبیب خان )اوچ شریف کے کرکٹ اسٹیڈیم کو شہید علی حسن گیلانی کے نام سے منسوب کرنے کا مطالبہ

تفصیل کے مطابق صوبائی حلقہ پی پی 250 کے عوام اور مقامی کرکٹ کھلاڑیوں نے اوچ شریف کرکٹ اسٹیڈیم کا نام شہید علی حسن گیلانی کے نام سے منسوب کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ مقامی کرکٹ کھلاڑیوں شعیب احمد، منا بھائی، سہیل نہایا، مدثر راشد، بلال محسن علی، ذیشان اور دیگر نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور سے اپیل کی کہ علی حسن گیلانی کی خدمات کو تسلیم کرتے ہوئے یہ اقدام کیا جائے۔

کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ علی حسن گیلانی نے نہ صرف کرکٹ کے فروغ کے لیے نمایاں کردار ادا کیا بلکہ نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے میں بھی اہم کردار نبھایا۔ انہوں نے کرکٹ کے میدان میں کامیابیاں حاصل کیں اور اوچ شریف میں کرکٹ اسٹیڈیم قائم کر کے علاقے کو کھیلوں کے میدان میں ایک نئی پہچان دی۔ اس اسٹیڈیم کا قیام نہ صرف کھیلوں کی ترقی کا سنگ میل ثابت ہوا بلکہ نوجوانوں کو ایک مثبت اور صحت مند پلیٹ فارم بھی فراہم کیا۔

علاقے کے عوام کا کہنا ہے کہ شہید علی حسن گیلانی کی قربانیاں اور خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ ان کے نام سے اسٹیڈیم کو منسوب کرنا ان کی قربانیوں کا اعتراف اور نوجوان نسل کے لیے ایک یادگار بن جائے گا۔ مقامی کرکٹ ٹیموں اور شائقین نے اس مطالبے کی بھرپور حمایت کی ہے اور اسے علاقے میں کھیلوں کے فروغ کا اہم ذریعہ قرار دیا ہے۔

عوام نے امید ظاہر کی کہ اس اقدام سے شہید علی حسن گیلانی کی قربانیوں اور خدمات کو آنے والی نسلوں تک پہنچایا جا سکے گا۔ کرکٹ کے شائقین اور مقامی کمیونٹی کی جانب سے اس مطالبے کی حمایت جاری ہے، اور انہیں امید ہے کہ ڈپٹی کمشنر بہاولپور اس درخواست پر جلد مثبت کارروائی کریں گے۔

Comments are closed.