ممبئی: معروف بالی وڈ اداکارہ عالیہ بھٹ کے سابق ذاتی معاون ودیکا پرکاش شیٹی کو 77 لاکھ روپے کے فراڈ کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ودیکا پرکاش شیٹی (32 سال) پر عالیہ بھٹ کی پروڈکشن کمپنی "ایٹرنل سن شائن پروڈکشنز پرائیویٹ لمیٹڈ” اور اداکارہ کے ذاتی اکاؤنٹس میں 76.9 لاکھ روپے کی مالی بے ضابطگیوں کا الزام ہے،پولیس کے مطابق یہ فراڈ مئی 2022 سے اگست 2024 کے درمیان کیا گیا۔ یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب عالیہ بھٹ کی والدہ اور اداکارہ-ڈائریکٹر سونی رضوان نے 23 جنوری کو جوہو پولیس میں شکایت درج کروائی۔ شکایت کے بعد پولیس نے فراڈ اور اعتماد کے خلاف مقدمہ درج کر کے ودیکا شیٹی کی تلاش شروع کر دی۔
پولیس ذرائع کے مطابق ودیکا شیٹی نے 2021 سے 2024 تک عالیہ بھٹ کی ذاتی معاون کے طور پر کام کیا۔ اس دوران وہ اداکارہ کے مالی دستاویزات، ادائیگیوں اور شیڈول کی منصوبہ بندی کی ذمہ دار تھی۔ تحقیقات سے پتہ چلا کہ ودیکا نے جعلی بل تیار کیے، جن پر عالیہ بھٹ نے دستخط کیے، اور پھر ان بلوں کی مد میں رقم اپنے دوست کے اکاؤنٹ میں منتقل کروائی، جو بعد میں ودیکا کو واپس بھیج دی جاتی تھی۔ودیکا نے جعلی بلوں کو مستند دکھانے کے لیے پیشہ ورانہ طریقے استعمال کیے۔ وہ عالیہ کو بتاتی تھی کہ یہ اخراجات ان کی سفری ضروریات، ملاقاتوں اور دیگر انتظامات کے لیے ہیں۔
سونی رضوان کی شکایت کے بعد ودیکا شیٹی فرار ہو گئی اور اپنی جگہ بار بار بدلتی رہی۔ پولیس نے اسے راجستھان، پھر کرناٹک، پھر پونے اور آخر کار بنگلور میں تلاش کر کے گرفتار کیا۔ ودیکا کو جوہو پولیس نے ممبئی لانے کے لیے ٹرانزٹ ریمانڈ پر لیا۔پولیس اب اس معاملے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے تاکہ دیگر ممکنہ مالی بے ضابطگیوں اور ملوث افراد کا پتہ چلایا جا سکے۔








