علی پور:بچے کے اغواء اور ہلاکت کا واقعہ،آرپی او ڈیرہ اور آئی جی پنجاب کانوٹس ،رپورٹ طلب

ڈیرہ غازیخان (سٹی رپورٹر جواد اکبر)علی پور میں بچے کے اغواء اور ہلاکت کا واقعہ،آرپی او ڈیرہ اور آئی جی پنجاب کانوٹس ،رپورٹ طلب

تفصیلات کے مطابق آر پی او ڈیرہ غازیخان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے مظفر گڑھ کی تحصیل علی پور کے تھانہ خیر پور سادات میں دو روز قبل اغوا ہونے والے چھ سالہ بچے کی لاش ملنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری اقدامات کا حکم دیا ہے۔21 ستمبر کو بچے کو اغوا کیا گیا، جس کے بعد اس کی تلاش کے لیے پولیس نے بھرپور کارروائیاں شروع کیں۔ تاہم دو روز بعد بچے کی لاش قریبی علاقے میں ملی، جس نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلادیا۔

آر پی او سجاد حسن خان نے ڈی پی او مظفر گڑھ سے واقعہ کی تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے اور ہدایت کی ہے کہ یہ کیس جدید سائنسی طریقوں سے تحقیقات کے لیے پیش کیا جائے۔ انہوں نے خاص طور پر فرانزک ٹیموں کی مدد سے شواہد جمع کرنے پر زور دیا۔ اس کے علاوہ، انہوں نے ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے کا حکم دیا ہے۔

آر پی او نے کہا کہ "یہ ایک سنگین واقعہ ہے اور ہمیں ملزمان کو ہر صورت میں گرفتار کرنا ہوگا۔” انہوں نے یہ بھی تاکید کی کہ پولیس لواحقین کے ساتھ قریبی رابطہ رکھے اور ان کی ہر ممکن مدد کی جائے۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او سے رپورٹ طلب کی اور ڈی پی او مظفر گڑھ کو ملزمان کی گرفتاری کے لیے ہدایات دی ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ ملزمان کو قرار واقعی سزا دی جائے گی اور لواحقین کو انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

Comments are closed.