علی پور: سیت پور میں قوت سماعت سے محروم لڑکی سے زیادتی،ایک ملزم گرفتار
اوچ شریف (باغی ٹی وی ،نامہ نگارحبیب خان )مظفر گڑھ کی تحصیل علی پور تھانہ سیت پور کے علاقہ میں قریبی رشتہ داروں کی جانب سے 21 سالہ گونگی بہری لڑکی کو کئی ماہ تک جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا جاتا رہا، جس کا انکشاف اس وقت ہوا جب لڑکی کی طبیعت خراب ہونے پر اسپتال لے جایا گیا اور الٹراساونڈ کے ذریعے معلوم ہوا کہ وہ چھ ماہ کی حاملہ ہے۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا جبکہ دوسرا فرار ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق موضع گھری کے رہائشی منور کلاچی کی بیٹی آمنہ بی بی جو گونگی اور بہری ہے پر اس کے قریبی رشتہ دار قادر کلاچی اور عابد کلاچی نے ظلم ڈھایا۔ دونوں ملزمان نہ صرف لڑکی کے ساتھ بارہا زیادتی کرتے رہے بلکہ اس کی برہنہ ویڈیوز بھی بناتے رہے تاکہ اسے بلیک میل کر سکیں۔
آمنہ بی بی نے اشاروں کے ذریعے ان ملزمان کی نشاندہی کی، جو ہمسائے ہونے کے ناطے ان کے گھر آتے جاتے تھے۔ لڑکی کے والدین کے مطابق ویڈیوز کی موجودگی کی وجہ سے ملزمان بلاخوف زیادتی کرتے رہے۔
ایس ایچ او تھانہ سیت پور نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مختلف مقامات پر چھاپے مارے اور چوبیس گھنٹوں کے اندر ایک ملزم کو گرفتار کر لیا، جبکہ دوسرے کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا ہے اور متاثرہ خاندان نے انصاف کے حصول کے لیے احتجاج کیا ہے۔
متاثرہ خاندان نے حکام سے اپیل کی ہے کہ فرار ملزم کو جلد گرفتار کیا جائے اور ملزمان کو سخت سزا دی جائے تاکہ ایسے واقعات کا سدباب ہو سکے۔