علی پور(باغی ٹی وی رپورٹ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے تحصیل علی پور کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ چیف سیکرٹری نے متاثرین کے مسائل سنے اور مکمل مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں آپ کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، آپ کے دکھوں کا مداوا کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ امداد اور بحالی کے کام میں وسائل کی کمی نہیں آنے دی جائے گی، انتظامیہ فلڈ ریلیف کیمپس میں سہولیات بڑھائے اور مزید کیمپس قائم کیے جائیں۔
چیف سیکرٹری کو سیلاب زدہ علاقوں میں جاری ریسکیو و ریلیف آپریشن پر بریفنگ دی گئی، بریفنگ میں بتایا گیا کہ ریلیف کیمپس میں متاثرین کے لیے خوراک، طبی سہولیات اور ضروری سامان فراہم کیا جا رہا ہے۔ چیف سیکرٹری نے ریلیف کیمپوں میں طبی سہولیات کا بھی جائزہ لیا اور ریسکیو 1122، پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے ہیڈ پنجند کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں پانی کے بہاؤ اور اخراج کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ حکام نے بتایا کہ نشیبی علاقوں سے آبادیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل جاری ہے۔
دوسری جانب مظفرگڑھ میں وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر پی ڈی ایم اے نے سیلاب متاثرین کے لیے ایک ہزار نئے ٹینٹ فراہم کر دیے۔ کمشنر ڈی جی خان اشفاق احمد چوہدری نے بتایا کہ متاثرہ خاندانوں کو فوری طور پر یہ ٹینٹ تقسیم کیے جا رہے ہیں تاکہ انہیں محفوظ رہائش دی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بحالی تک حکومت چین سے نہیں بیٹھے گی اور متاثرین کے دکھ کو اپنا دکھ سمجھتی ہے۔