علی پور (باغی ٹی وی،نامہ نگار محبوب بلوچ)علی پور، خیرپور سادات اور سیّت پور شہر و گردونواح میں ناجائز تجاوزات نے شہری زندگی کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔ مرکزی شاہراہوں، بازاروں اور رہائشی گلیوں میں ٹھیلوں، دکانوں کے آگے پختہ تعمیرات، رکشہ اسٹینڈز اور غیر قانونی پارکنگ کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو رہی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی خاموشی سے قبضہ مافیا کو مزید حوصلہ مل رہا ہے، جس کے نتیجے میں سڑکیں سکڑ گئیں اور پیدل چلنا بھی دشوار ہو گیا ہے۔
سیاسی و سماجی شخصیات، تاجروں اور عام شہریوں نے کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن، ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ اور اسسٹنٹ کمشنر علی پور سے مطالبہ کیا ہے کہ علی پور شہر کے ساتھ ساتھ خیرپورسادات اور سیت پور میں مستقل بنیادوں پر تجاوزات کے خاتمے کے لیے بڑے پیمانے پر آپریشن کیا جائے، دکان داروں کو متبادل جگہ فراہم کی جائے اور مین شاہراؤں کو کشادہ و قابلِ گزر بنایا جائے تاکہ ٹریفک کی روانی بحال ہو سکے اور عوام کو روزمرہ مشکلات سے نجات ملے۔
عوامی حلقوں نے یہ بھی تجویز دی ہے کہ انتظامیہ تجاوزات کے خلاف مستقل مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دے، جرمانوں کے ساتھ ساتھ ضبطی کی کارروائی بھی کی جائے تاکہ علی پور، خیرپور سادات اور سیّت پور کو ایک صاف ستھرا اور منظم شہر بنایا جا سکے۔











