علی پور:خیر پور میں میں غیرت کے نام پر بہن کاقتل، ملزم کو عمر قید کی سزا کاحکم

court

اوچ شریف (باغی ٹی وی ،نامہ نگارحبیب خان) مظفرگڑھ کی تحصیل علی پورکے علاقے خیرپور سادات میں غیرت کے نام پر اپنی بہن کو قتل کرنے والے ملزم کو عدالت نے عمر قید کی سزا سنا دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کچھ عرصہ قبل ملزم سلیم نے اپنی حقیقی بہن کو شک کی بنیاد پر بندوق سے فائر کر کے ہلاک کر دیا تھا، جس کے بعد پولیس نے اپنی مدعیت میں قتل کا مقدمہ درج کیا اور ملزم کو فوری گرفتار کر لیا تھا۔

عدالت میں کیس کی سماعت کے دوران پولیس نے مضبوط شواہد اور موثر پراسیکیوشن کے ذریعے ملزم کے خلاف ٹھوس دلائل پیش کیے۔ ایڈیشنل سیشن جج علی پور، جناب غلام مجتبیٰ بلوچ کی عدالت نے جرم ثابت ہونے پر ملزم محمد سلیم کو عمر قید اور پانچ لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ جرمانے کی رقم مقتولہ کے ورثاء کو ادا کی جائے گی۔

تھانہ خیرپور سادات کے ایس ایچ او نور خان کا کہنا تھا کہ پولیس نے اس کیس میں تفتیش اور شواہد جمع کرنے میں غیر معمولی محنت کی اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لئے ہر ممکن قدم اٹھایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاشرے میں غیرت کے نام پر قتل جیسے جرائم کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ڈی پی او سید حسنین حیدر نے پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ غیرت کے نام پر قتل جیسے سنگین جرائم کو روکنے کے لئے پولیس پوری تندہی سے کام کر رہی ہے اور ایسے جرائم میں ملوث افراد کو قانون کے دائرے میں لاکر کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

Comments are closed.