اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)مظفرگڑھ کی تحصیل علی پور کے تھانہ خیرپور سادات کی حدود میں دریائے سندھ کے پار کچے کے علاقے مڈ سوہانرے شاہ میں پولیس نے بوسن گینگ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے اہم کامیابی حاصل کی ہے۔ یہ آپریشن تحصیل علی پور پولیس اور سی سی ڈی راجن پور کے مابین مکمل ہم آہنگی اور مشترکہ حکمت عملی کے تحت انجام پایا، جس سے علاقے میں امن و امان کی بحالی کی جانب نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔
ایس ایچ او خیرپور سادات محمد نور خان بلوچ کے مطابق اس اہم آپریشن کی قیادت سی سی ڈی راجن پور کے انچارج چوہدری فیاض الحق اور ڈی ایس پی علی پور محمد بخت نصر خان نے کی۔ ان کا کہنا تھا کہ بوسن گینگ جیسے خطرناک مجرموں کے خلاف کامیاب کارروائی اللہ کے فضل اور پولیس فورس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا ثمر ہے۔
انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ علی پور پولیس اور سی سی ڈی راجن پور کے درمیان مکمل رابطہ اور ہم آہنگی ہے، اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ادارے ہر لمحہ تیار ہیں۔ ایس ایچ او نے افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ پولیس فورس میں اختلافات سے متعلق خبروں میں کوئی صداقت نہیں، یہ سب جھوٹا پراپیگنڈا ہے جس کا مقصد عوام میں بےچینی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ایسی جھوٹی خبریں پھیلانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
پولیس ترجمان کے مطابق کچے کے علاقوں میں امن و امان کے قیام کے لیے مزید کارروائیاں جاری رہیں گی، جبکہ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ تھانے کو دیں۔