علی پور (باغی ٹی وی)مظفر گڑھ کی تحصیل علی پور میں ایک ہولناک مبینہ جنسی سکینڈل نے صحافتی، تعلیمی اور سماجی حلقوں میں شدید ہلچل مچا دی ہے۔ ‘پاک صاف پاکستان’ نامی فیس بک آئی ڈی سے وائرل کی گئی متعدد نازیبا ویڈیوز میں نجی تعلیمی ادارے آئیڈیل پبلک سکول کے مالک اور تحصیل پریس کلب علی پور کے سابق صدر سید ہدایت علی رضوی کو مختلف خواتین، خصوصاً سکول کی ٹیچرز اور طالبات کے ساتھ دکھایا گیا ہے۔

ویڈیوز سامنے آنے کے بعد علاقے میں شدید غم و غصہ پھیل گیا، جبکہ تعلیمی اور صحافتی حلقوں نے واقعے کی سخت مذمت کی ہے۔ تحصیل پریس کلب علی پور کے جنرل سیکرٹری محمد عمران سعیدی نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ہدایت علی رضوی کو عہدۂ صدارت سے برطرف کرنے اور ان کی بنیادی رکنیت ختم کرنے کا اعلان کیا۔

دوسری جانب متاثرہ خاتون ٹیچر (ش) کے بھائی ناصر عباس کی مدعیت میں تھانہ سٹی علی پور میں ملزم کے خلاف دفعات 376 اور 292 کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزم نے مذکورہ خاتون کو متعدد بار مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا، ویڈیوز بنا کر بلیک میل کیا اور انکار پر مزید دھمکیاں دیں۔ الزامات کے مطابق بعض مواقع پر اس کے چند ساتھی بھی موجود ہوتے تھے۔

پولیس ترجمان کے مطابق سامنے آنے والی ویڈیوز میں کم از کم چار خواتین کو جنسی استحصال کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ملزم نہ صرف زیادتی کرتا رہا بلکہ ٹیچرز اور طالبات کی نازیبا ویڈیوز بھی بنا کر بلیک میلنگ کے لیے استعمال کرتا رہا۔مزید متاثرہ خواتین تک پہنچنے کے لیے ویڈیوز کی فرانزک جانچ جاری ہے۔ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں، تاہم وہ تاحال مفرور ہے۔

معروف تعلیمی شخصیات، جن میں راشد منہاس سکول کے سربراہ عبدالغفور ملک بھی شامل ہیں، نے ہدایت رضوی سے مکمل لاتعلقی کا اظہار کیا ہے اور معاملے کی شفاف، سی سی ٹی وی اور ڈیجیٹل فرانزک شواہد کی روشنی میں تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

عوامی و سماجی حلقوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ اس سنگین سکینڈل میں ملوث تمام عناصر کو بے نقاب کر کے سخت قانونی کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ ایسے جرائم کی روک تھام ممکن ہوسکے۔

Shares: