اوچ شریف(باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) تھانہ صدر علی پور کی حدود میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران قتل، ڈکیتی اور راہزنی کے مقدمات میں مطلوب ڈاکو کالو عرف کالی ڈاہا ہلاک ہو گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوا اور ہسپتال منتقل کرتے وقت دم توڑ گیا۔

پولیس کے مطابق گزشتہ رات تھانہ سیت پور کی حدود میں ڈاکوؤں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ ملزمان اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہو گئے، لیکن تعاقب کے دوران تھانہ صدر علی پور میں دوبارہ مقابلہ ہوا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں کی فائرنگ کے جواب میں حفاظتی جوابی کارروائی کی گئی، جس میں کالو زخمی ہوا۔ پولیس کے مطابق کالو سکنہ سلطان پور کے خلاف تھانہ سیت پور اور خیرپور سادات میں درجن سے زائد مقدمات درج تھے۔

دوسری جانب، ہلاک ہونے والے کے لواحقین نے پولیس پر ماورائے عدالت قتل کا الزام عائد کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کالو کو گھر سے حراست میں لیا گیا اور مقابلے کا "ڈرامہ” رچایا گیا۔ مقامی سماجی حلقوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے واقعے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

Shares: