میرپورخاص،باغی ٹی وی (نامہ نگار سید شاہزیب شاہ) الخدمت فاؤنڈیشن میرپورخاص نے اپنی روایت برقرار رکھتے ہوئے اس سال بھی غریب اور بے سہارا افراد میں ونٹر پیکج کے تحت لحاف، رضائیاں، گدے اور تکیے تقسیم کیے۔

اس سلسلے میں جامعۃ الہدی میرپورخاص میں ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی، جہاں شہر بھر سے 80 مستحق مرد و خواتین کو سردی سے بچاؤ کے لیے ضروری سامان فراہم کیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے الخدمت فاؤنڈیشن میرپورخاص کے صدر عرفان الحق قریشی، سماجی خدمات کے انچارج نادر خان اور نائب امیر جماعت اسلامی میرپورخاص مفتی تحسین احمد بھٹو نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن نہ صرف ملک بلکہ عالمی سطح پر بھی ناگہانی آفات میں ہمیشہ پیش پیش رہتی ہے اور عوام کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے ہر وقت تیار ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کا بنیادی مقصد معاشرتی خدمات کے ذریعے ضرورت مند افراد کی مدد کرنا اور انہیں شدید سردی سے محفوظ رکھنا ہے۔ تنظیم آئندہ بھی فلاحی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھے گی تاکہ معاشرتی بہبود میں مزید بہتری لائی جا سکے۔

Shares: