لنڈی کوتل(باغی ٹی وی رپورٹ)پرائمری اساتذہ کا احتجاج,مطالبات کی منظوری تک کے پی کے تمام سکول بند
تفصیلات کے مطابق آل پرائمری اساتذہ ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر عزیز اللہ کی کال پر پورے صوبے میں تمام پرائمری سکول بند ہوگئے۔ اس سلسلے میں لنڈی کوتل میں بھی پرائمری سکول بند رہے اور اساتذہ نے لنڈی کوتل پریس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ان کے مطالبات درج تھے۔
احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ضلع خیبر کے جنرل سیکرٹری اجمل خان اور تنظیم اساتذہ ضلع خیبر کے صدر شریف اللہ نے کہا کہ پچھلی صوبائی حکومت نے کابینہ سے پرائمری اساتذہ کی اپگریڈیشن کی منظوری دی تھی لیکن ابھی تک اساتذہ کو اس کا فائدہ نہیں پہنچا۔ اساتذہ نے اسکولوں کی نجکاری کی بھی شدید مذمت کی اور کہا کہ مفت تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے نجکاری سے لاکھوں طلبہ متاثر ہوں گے۔
مقررین نے پنشن اصلاحات کے نام پر اساتذہ کے معاشی قتل عام کی روک تھام کا مطالبہ کیا اور کہا کہ سی پی فنڈ سے نئی بھرتی ہونے والے اساتذہ مایوسی کا شکار ہیں، سی پی فنڈ کو ختم کر کے جی پی فنڈ جاری کیا جائے۔
اساتذہ نے پرائمری اسکولوں میں سٹاف کی کمی پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ہائیر اساتذہ کو فارغ کرنے سے پرائمری اسکولوں کے مسائل میں مزید اضافہ ہوا ہے ان کو بحال کیا جائے اور سٹاف کی کمی کو پورا کیا جائے۔