مسجد الحرام کے امام شیخ ڈاکٹر صالح بن عبداللہ نے مسجد نمرہ میں خطبہ حج دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایمان والوں کو اللہ سے ڈرنا چاہئے اور تقویٰ اختیار کرنا چاہئے،مسلمانوں کو آپس میں اتحاد و اتفاق رکھنا چاہئے-

شیخ صالح بن عبداللہ نے کہا کہ شیطان مسلمانوں کا دشمن ہے اور مسلمانوں کو اس سے دور رہنا چاہئے، مسلمانوں کو آپس میں اتحاد و اتفاق رکھنا چاہئے، اگر کوئی اپنے دشمن کو معاف کرے گا تو اللہ اسے اپنا دوست بنالے گا اللہ تعالیٰ نے اسلام کو بطور دین انسانیت کیلئے پسند کیا ہے، اور دین مکمل ہوچکا ہے۔

امام شیخ ڈاکٹرصالح بن عبد اللہ نے حج کا خطبہ دیتے ہوئے فرمایا کہ آج کے دن اللہ نے امتِ محمد ﷺ پر اپنی نعمتیں مکمل کر دی ہیں اور اسلام کو بطور دین پسند فرمایا ہے۔ انہوں نے عبادات کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا نماز، روزہ، زکوٰۃ اور حج اسلام کے بنیادی ارکان ہیں جو ان پر عمل کرتا ہے وہی کامیاب ہے۔

امام مسجد الحرام نے کہا کہ نیکی برائیوں کو مٹا دیتی ہیں اسی لئے نیکی کی زیادہ سے زیادہ کوشش کرنی چاہئے ، نماز قائم کرو، یہ اللہ اور بندے کے درمیان ایک بہترین رابطہ اور سب سے زیادہ درمیان کی نماز کی حفاظت کرو، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا اے ایمان والو اللہ کی عبادت ایسے کرو کہ جیسے تم اللہ کو دیکھ رہے ہو، یا پھر اللہ کی عبادت اس طرح سے کرو کہ جیسے اللہ تمھیں دیکھ رہا ہے،دین اسلام کے تین درجات ہیں اور سب سے بڑا درجہ احسان ہے، والدین سے صلہ رحمی، نرمی اور وعدوں کی تکمیل بھی دین کا حصہ ہے اور حیا ایمان کی شاخ ہے۔

شیخ صالح بن عبداللہ نے کہا کہ حج کے دوران اللہ کا بہت زیادہ ذکر کرنا چاہئے، دعائیں کرنی چاہئے اور دنیا و آخرت کی بھلائیاں مانگنی چاہئیں، اللہ نے فرمایا کہ نیکی میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں اور بری باتوں سے رک جائیں، اے ایمان والو عہد اور وعدے کو پورا کرو، جب بھی بات کرو اچھی بات کرو، اللہ صبر کرنے والوں کو پورا ثواب عطا کرتا ہے، اللہ کا شکر گزار بندوں سے وعدہ ہے کہ جتنا شکر کریں گے انہیں زیادہ تعمتوں سے نواز دے گا،اور ایمان والوں کو سچی باتیں کہنی چاہئیں، جھوٹ سے بچنا چاہئے۔

شیخ صالح بن عبداللہ نے کہا کہ انسان کو باطنی امراض سے بچنا چاہیے کیونکہ باطنی امراض کی وجہ سے انسان اللہ کا تقرب حاصل نہیں کر پاتا، رمضان کے روزے تم پر فرض کیے گئے جیسے تم سے پچھلی امتوں پر فرض کیے گئے، روزے انسان کو باطنی امراض سے پاک کر دیتے ہیں، پرودگار کی عبادت کرو اور کسی کو اس کا شریک نہ کرو ، اللہ تعالیٰ ایمان والوں کو بہترین ایمان دے گا۔

انہوں نے کہا کہ اے لوگو ،غریبوں یتیموں مساکین اور رشتہ داروں کے ساتھ اچھی طرح برتاؤ کرو اللہ کے بتائے ہوئے دین پر عمل کریں ، اللہ تعالی صبر کرنے والوں کیساتھ ہے، والدین کو ناراض کرنے والا اللہ کو ناراض کرتا ہے، نیک کام کرنے والا اللہ کا محبوب ہے ،اللہ تعالیٰ کے احکام کو بجا لا کر اسکی اطاعت کی جائے،منع کر دہ چیزوں سے پرہیز کیا جائے ، دعا مومن کا ہتھیار ہے ، امت مسلمہ کے اتحاد کے لئے دعائیں کریں، دعا کرنے سے اللہ غموں کو خوشیوں میں بدل دیتا ہے ، اللہ تعالی کی رضا جنت سے بھی بڑی ہے۔

امام کعبہ نے ایمان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایمان زبان سے اقرار اور دل سے تصدیق کا نام ہے نماز، حیا، صدقِ کلام، اور فرائض کی ادائیگی ایمان کا حصہ ہیں اللہ کے گھر کا حج کرنا تم پرفرض کردیا گیا ہے،اللہ تعالیٰ تمہارے ظاہر اور باطن کو جانتا اللہ کی رحمت تم پر پوری ہوگئی ہے،اللہ تعالیٰ تمہاری عبادات کو قبول فرمائے۔

اس موقع پر امام حج نے دنیا بھر کے تمام مسلمانوں کیلئے خصوصی دعائیں بھی کرائیں، امام کعبہ نے فرمایا کہ آپ ایسے مقام پر ہیں جہاں دعائیں قبول ہوتی ہیں، اے اللہ ہم تجھ سےمعافی اورفضل مانگتے ہیں اللہ ہمیں دنیا و آخرت کی کامیابی عطافرمائے-

امام شیخ ڈاکٹرصالح بن عبد اللہ نے نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا اللہ ایک ہے، محمد اللہ کے رسول ہیں، نماز، زکوۃ، رمضان کے روزے رکھنا، حج کرنا اسلام ہے، اللہ جس کو چاہے بخش دے،جس کو چاہے عذاب دے، اللہ نے محمدﷺ کو انسانی کی رہنمائی کے لیے بھیجا، اللہ کے نبی ﷺ کے احکامات پر عمل کرتے رہو، اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی تابیداری کرنے والے کامیاب ہیں، توحید پر ثابت قدم رہنا ہی اسلام ہے، یاد رکھو، اسلام میں توحید کے بعد سب سے اہم چیز نماز ہے، جس کی نمازیں پوری ہوگئیں وہ کامیاب ہوگیا، نماز حق وباطن میں فرق کرتی ہے۔

مسجد الحرام کے امام شیخ ڈاکٹر صالح بن عبداللہ نے مظلوم فلسطینیوں کے لیے خصوصی دعائیں کراتے ہوئے کہا کہ اے اللہ فلسطین کو دشمنوں سے نجات دے، اے اللہ فلسطین کے بھائیوں کی مدد فرما، اے اللہ فلسطین کے شہدا کو معاف فرما اور زخمیوں کو شفا دے، اے اللہ اہل فلسطین کے دشمنوں کو تباہ و برباد کردے، اے اللہ اہل فلسطین کے دشمن، عورتوں اور بچوں کے قاتلوں کو برباد کردے۔

امام کعبہ نے مزید کہا کہ اے اللہ اہل فلسطین کو دشمنوں کے شر سے بچا، اے اللہ اہل فلسطین کے معاملات کو اپنے سپرد کرلے، اے اللہ اہل فلسطین کی حفاظت فرما، ان کا خیال رکھ، اللہ کی رضا جنت سے بھی بڑی ہے، اےاللہ اہل فلسطین کو دشمنوں پر غالب فرما۔

خطبہ حج کے بعد ظہر اور عصر کی قصر نمازیں ایک ساتھ ادا کی گئیں، عرفات میں وقوف کے دوران عازمین تلبیہ پڑھنے، استغفار کرنے اور تسبیح کے ساتھ ساتھ دعاؤں میں مصروف رہے-

Shares: