عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور نگران بنی گالہ انعام خان کی مبینہ آڈیو لیک

bushra bibi

اسلام آباد:عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور نگران بنی گالہ انعام خان کی مبینہ آڈیو سامنے آگئی۔ آڈیو میں بشریٰ بی بی تحائف کی تصاویر کے بارے میں گفتگو کررہی ہیں۔مبینہ آڈیو میں بشریٰ بی بی سوال پوچھتی سنائی دے رہی ہیں کہ انعام خان آپ نے اصفر کو تصویریں کھینچنے کا کہا تھا؟ گھر میں باہر سے جو چیزیں آئیں ان کی تصویریں کیوں کھینچنی؟ آپ نے انعام کو چیزیں بھیجی ہے وہ کہہ رہا ہے۔

آڈیو میں بشریٰ بی بی کہتی ہیں کیوں کھینچی تھیں تصویریں؟ گھر کے اندر جو چیز آئے اس کی تصویر تو نہیں کھینچتے، گھر سے باہر سے جو آئے ان کی تصویر کھینچنی چاہیے؟ مزید کہتی ہیں کہ گھر سے جو چیز باہر جاتی ہیں ان کی کھینچنی چاہیے، گھر کے اندر آنے والی چیز کی کون تصویر کھینچتا ہے؟ کس چیز کا ثبوت؟ آپ کو کیا ضرورت ہے ثبوت دینے کی؟

خیال رہے کہ 8 دسمبر کو تحریک انصاف کے رہنما زلفی بخاری اور سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی کی مبینہ آڈیو سامنے آگئی تھی۔

مبینہ آڈیو میں زلفی بخاری بشری بی بی کو مرشد کہتے ہوئے سلام کہتے ہیں۔ جس پر بشریٰ بی بی انہیں سلام کا جواب دے کر حال پوچھتی ہیں تو زلفی بخاری کہتے ہیں میں ٹھیک ہوں مرشد آپ کیسی ہیں۔

بشریٰ بی بی مبینہ طور پر ذلفی بخاری سے کہتی ہیں خان صاحب کی کچھ گھڑیاں ہیں جو انہوں نے کہا ہے کہ آپ کو بھیج دوں، تاکہ آپ انہیں بیچ دیں، وہ گھڑیاں خان صاحب کے زیر استعمال نہیں۔ دوسری جانب ذلفی بخاری اپنی مبینہ آڈیو میں بول رہے ہیں کہ جی ضرور مرشد، میں کردوں گا۔

اس سے قبل سابق خاتون اول بشریٰ بی بی اور پی ٹی آئی کے سابق سوشل میڈیا ہیڈ ارسلان خالد کی بھی مبینہ آڈیو سامنے آئی تھی۔

مبینہ آڈیو میں بشریٰ بی بی نے پی ٹی آئی سوشل میڈیا ہیڈ ارسلان خالد کو ہدایات دیتے ہوئے کہا تھا کہ بہت سے لوگ ميرے، خان صاحب اور میرے ساتھ جو بچی ہے فرح کیخلاف بوليں گے، آپ نے ہمارے خلاف ساری خبروں کو غداری کیساتھ لنک کردينا ہے۔انہوں نے سوشل میڈیا ٹیم کے ہیڈ کو مزید ہدایت دیں کہ آپ نے سوشل ميڈيا پر خط کا معاملہ اٹھانا ہے کہ خط ٹھيک ہے، روس کا معاملہ اٹھانا ہے، ٹرينڈ بنا دينا ہے۔

Comments are closed.