گوجرانوالہ : ڈاکوؤں کی لوٹ مار کے بعد خاتون سے مبینہ اجتماعی زیادتی
گوجرانوالہ کے علاقے مرالیوالہ میں ڈاکوؤں کی جانب سے لوٹ مار کے بعد خاتون سے مبینہ زیادتی کا واقعہ پیش آیا ہے۔
خاتون کے شوہر کے مطابق تین ڈاکوؤں نے یرغمال بنا کر لوٹ مار کی اور اس کے بعد گن پوائنٹ پر خاتون کو اغوا کرکے ساتھ لے گئے، کھیتوں میں لے جا کر 2 ڈاکوؤں نے خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا اور فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ تتلے عالی کے علاقے مرالیوالہ میں پیش آیا۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے متاثرہ خاتون کو میڈیکل رپورٹ کیلئے اسپتال منتقل کیا، ابتدائی میڈیکل رپورٹ میں خاتون سے زیادتی کی تصدیق ہوگئی ہے۔
سی پی او گوجرانوالہ کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی وہ جائے وقوع پر پہنچے اور شواہد کو محفوظ بنایا گیا۔ کیس کی تفتیش کیلئے ایس ایس پی آپریشن کی سربراہی میں پولیس ٹیم کام کر رہی ہے۔
ادھر نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے اور ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کا حکم بھی دے دیا ہے۔