امن صرف پاکستان نہیں بلکہ پوری دنیا کی ضرورت ہے،صدر مملکت

0
32

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ امن صرف پاکستان نہیں بلکہ پوری دنیا کی ضرورت ہے، دنیا اس وقت جنگ نہیں بلکہ امن چاہتی ہے

لاہور۔2 نومبر(اے پی پی )صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ امن صرف پاکستان نہیں بلکہ پوری دنیا کی ضرورت ہے، دنیا اس وقت جنگ نہیں بلکہ امن چاہتی ہے، پاک بھارت سمیت تیسری دنیا کے ممالک ایک جیسے مسائل سے ہی دوچار ہیں جن کو مل جل کر پرامن طریقے سے حل کرنا ہو گا ،پرامن ماحول ہو گا تو خطے میں امن اورخوشحالی آئے گی، آج ہمارا پروگرام امن کی جانب ایک بڑا قدام ہے جس میں دنیا بھر کے ممالک سے آئے طلباءکو متحرک کرنے کی بہترین کوشش کی گئی ہے تا کہ مسائل کا پر امن طریقے سے حل نکالا جا سکے۔

وہ ہفتہ کے روز یہاں الحمراءہال میں ”انٹرنیشنل سٹوڈنٹ ویک ان پاکستان“ کے زیر اہتمام یوتھ موبلائزیشن ان پیس بلڈنگ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ صوبائی وزیر میاں محمود الرشید ، صدر انٹر نیشنل سٹوڈنٹ ویک ان پاکستان ارقم ظہیر، جنرل سیکرٹری علی مصطفی سمیت دیگر اہم شخصیات اور دنیا بھر سے آئے 100سے زائد طلبہ وطالبات تقریب میں شریک تھے۔

صدرڈاکٹرعارف علوی نے کہاکہ پاکستان میں نوجوانوں کی اکثریت ہے جو پاکستان کی تعمیروترقی کے ساتھ ساتھ دنیا میں امن وامان اور مساوات کے پیغام کو پھیلانے میں بھرپور کردار ادا کرسکتی ہے۔ صدرپاکستان نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کی جارہی ہے اور کشمیریوں کو بنیادی انسانی حقوق سے محروم کر دیا گیا ہے جس کی وجہ سے آج کشمیر بھارتی جارحیت کے باعث لہو لہو اور بد امنی کا شکار ہے۔ انہوں نے کہاکہ پوری دنیا اس وقت امن کی خواہاں ہے‘ جنگ کسی بھی مسئلے کاحل نہیں ،پاکستان اور بھارت سمیت تیسری دنیا کے ممالک ایک جیسے مسائل سے دوچار ہیں جس کےلئے سب کو مل جل کر پرامن طریقے سے مسائل کا حل نکالنا ہوگا‘آزاد اور پرامن ماحول ہوگا تو خطے میں خوشحالی اور ترقی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان یہ بات کہ چکے ہیں کہ جنگ کو شروع کرنا بہت آسان ہے مگراس کو روکنا اور ختم کرنا بہت مشکل جبکہ جنگ کے ذریعے امن کو تلاش کرنا ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ انسان اور روبوٹ میں بنیادی فرق رویوں اور فطرت کا ہے‘ ہمیں اپنے انداز اور رویوں میں تبدیلی لانا ہوگی اسی لیے وزیراعظم عمران خان زینو فوبیا اور اسلامو فوبیا کو ختم کرنے کی بات کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان اور طلبہ ہی ہیں جوماحولیاتی آلودگی کو ختم کرنے میں بہترین کردار ادا کر سکتے ہیں، ہم نے ماحولیاتی آلودگی کو ختم کرنے کےلئے نوجوانوں اور بچوں کی مثبت ذہن سازی کی جو اس وقت اپنا کردار ادا کر رہے ہیں، اگر ہم ایک درخت کاٹیں تو اس کے بدلے میں ایک درخت لگانا چاہئے تاکہ درخت ختم نہ ہوں‘ فن لینڈ میں اگر ایک درخت کٹتا ہے تو اس کے بدلے میں 10 درخت لگائے بھی جاتے ہیں‘ یہی وجہ ہے کہ ان ممالک میں ماحولیاتی آلودگی پر بڑی حدتک کنٹرول ہے۔

انہوں نے دنیا بھر سے آئے طلبا و طالبات کا پاکستان آنے پر شکریہ بھی ادا کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر میاں محمود الرشید نے بھی خطاب کیا جبکہ تقریب کے آخر میں غیر ملکی طلباوطالبات نے صدر پاکستان کے ساتھ گروپ فوٹو بھی بنایا۔

Leave a reply