اگر آپ نے امیر بننا ہے تو لاس اینجلس امریکہ کا ڈان پینیا آپ سے بیس ہزار ڈالر لیتا ہے. پھر اگلے ایک گھنٹہ وہ آپ کو خوب ذلیل کرے گا. وہ آپ کو امیر لوگوں کے نام لے لے کر بتائے گا شرم کرو اگر یہ امیر بن سکتے ہیں تو تم کیوں نہیں.؟ وہ آپ کی غیرت جگائے گا.

پاکستان کا کوئی ڈبل شاہ آپ کو امیر بننے سے پہلے ہی یقین دلا دے گا کہ آپ تو بہت امیر ہیں. آپ اتنے امیر ہیں کہ آپ کو کسی قسم کے کام کی ضرورت ہی نہیں. آپ پیسے مجھے دیں امیر لوگوں کی طرح گھر بیٹھ جائیں. ہم نوکر ہیں نہ آپ کو امیر سے امیر ترین بنانے کیلئے. آپ بس ہر مہینے کا منافع گنتی کریں.

ڈان پینیا نے کسی کو امیر بنایا یا نہیں یہ تو میں نہیں جانتا لیکن ڈان ہو یا پاکستان کا ڈبل شاہ یہ سب خود امیر ضرور بن گئے ہیں. آپ کو امیر بنانے کے موٹیویشنل سپیکرز بہت مل جائیں گے. آپ فری میں یوٹیوب پر فری کی ویڈیوز دیکھ کر امیر بن جائیں. یا آپ کو زیادہ جلدی ہے تو آپ امیر بننے کیلئے نقد انویسٹمنٹ کرلیں. یہاں ہر طرف آپ کو ایک ڈان پینیا یا کوئی ڈبل شاہ مل جائے گا.

لیکن ہم کوئی موٹیویشنل سپیکر نہیں ہیں. ہم امیر بننے کے طریقے بھی نہیں جانتے البتہ بطور ایک انسان صرف انسانیت سکھانے کی کوشش کرتے ہیں. تاریخ بتاتی ہے انسان جب بھی انسانیت سے دور ہوا معاشرہ وہ جنگل بن جاتا ہے جہاں کمزوری جرم ٹھرتی ہے. یہ کمزوری نفسیاتی بھی ہوتی ہے عادات کی بھی تو علم و عمل بھی کمزور ہو سکتے ہیں.

اپنی کمزوری کا اعتراف صرف بہادر کر سکتے ہیں. ایک طاقتور شعور ہی شعوری طاقت کا قدردان ہوتا ہے. یہ ایک دوسرے سے سیکھنے اور سکھانے کا رشتہ ہے. کوئی کسی بند دروازے کے سامنے یہ سوچ کر کھڑا نہ ہوجائے جیسے یہی زندگی کا اکلوتا دروازہ ہو. تب یہ انسانیت کا رشتہ ہی ہے جو اپنے اپنے دروازے کھول کر بتاتے ہیں نہیں زندگی کے بہت سے دروازے ہیں. مایوسی تمہیں ادھر ادھر بس دیکھنے نہیں دے رہی.

Shares: