امریکی اور چینی حکام کے درمیان اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ میں کشیدہ تجارتی تعلقات، ٹک ٹاک کی فروخت کی ڈیڈ لائن اور روسی تیل کی خریداری پر محصولات عائد کرنے کے امریکی مطالبے پر مذاکرات شروع ہوگئے ہیں۔
رائٹرز کے مطابق امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ اور تجارتی نمائندہ جیمیسن گریئر، چینی نائب وزیراعظم ہی لی فینگ اور اعلیٰ تجارتی مذاکرات کار لی چنگ گانگ سے ملاقات کے لیے وزارتِ خارجہ اسپین کے تاریخی محل ’پالاسیو دے سانتا کروز‘ پہنچے۔ یہ رواں برس کے چار ماہ میں دونوں فریقین کے درمیان ہونے والا چوتھا اجلاس ہے۔
جولائی میں اسٹاک ہوم میں ہونے والی آخری ملاقات میں فریقین نے 90 دن کے لیے تجارتی جنگ بندی میں توسیع پر اتفاق کیا تھا، جس کے نتیجے میں جوابی محصولات میں کمی اور چین سے امریکا کو نایاب معدنیات کی فراہمی دوبارہ بحال ہوئی۔
ذرائع کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چینی مصنوعات پر 55 فیصد محصولات 10 نومبر تک برقرار رکھنے کی منظوری دے دی ہے۔ تجارتی ماہرین کا خیال ہے کہ میڈرڈ مذاکرات سے کسی بڑے معاہدے کی توقع کم ہے، تاہم ٹک ٹاک کے مستقبل سے متعلق اہم فیصلہ سامنے آسکتا ہے۔
امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مشہور ایپ ٹک ٹاک کے چینی مالک بائٹ ڈانس کو امریکا میں اپنے آپریشنز فروخت کرنے کی ڈیڈ لائن 17 ستمبر سے آگے بڑھا دی جائے گی۔ بصورت دیگر ٹک ٹاک کو امریکا میں پابندی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ٹرمپ انتظامیہ سے واقف ذرائع کا کہنا ہے کہ کسی حتمی معاہدے کا امکان نہیں، البتہ یہ ڈیڈ لائن چوتھی بار توسیع پا سکتی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ صدر ٹرمپ نے گزشتہ ماہ اپنا ذاتی ٹک ٹاک اکاؤنٹ بھی بنایا تھا۔
سیلابی ریلہ،کوٹلا چاکر کے عوام کو فوری محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت
ایشیا کپ: بھارت کی پاکستان کو بآسانی 7 وکٹوں سے شکست