اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف کی انجمن تاجران نے امریکہ کی جانب سے ایران پر حملے اور اسرائیل کی اندھی حمایت کو مسلم دنیا کے خلاف خطرناک سازش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب وقت آ چکا ہے کہ مسلم اُمہ متحد ہو کر دشمن کو اس کی زبان میں جواب دے۔
انجمن تاجران کے صدر عمر خورشید سہمن، نائب صدر میاں محمد عامر صدیقی اور جنرل سیکرٹری حاجی طارق حسین نے مشترکہ بیان میں کہا کہ امریکہ اب کھل کر اسرائیل کا اتحادی بن چکا ہے اور مسلم ممالک کو نشانہ بنانے پر تُلا ہوا ہے۔ ایران پر حملہ پوری مسلم دنیا کے لیے وارننگ ہے، اگر آج خاموشی اختیار کی گئی تو کل کسی اور اسلامی ملک کی باری ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک اب صرف مذمتی بیانات اور قراردادوں پر اکتفا نہ کریں بلکہ حقیقی اتحاد کا مظاہرہ کریں، ورنہ دشمن کی عالمی سازشوں کا شکار ہوتے رہیں گے۔ انجمن تاجران نے اپیل کی کہ مسلم حکمران، علماء اور عوام متحد ہو کر مشترکہ مؤقف اپنائیں اور فرقہ واریت، قوم پرستی اور لسانیت کو ترک کر کے امت کی بقا کے لیے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوں۔