موسم سرما کا بدترین طوفان،امریکامیں 55 جاپان میں17 ہلاکتیں،سعودی عرب میں بھی پہاڑ برف سے ڈھک گئے
موسم سرما کا بدترین طوفان، امریکا اور جاپان میں برفباری میں بالترتیب 55 اور 17 افراد ہلاک ہوگئے۔
باغی ٹی وی : عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق موسم سرما میں امریکا کی تاریخ کے بدترین برفانی طوفان میں اب تک 55 ہلاکتیں ہوچکی ہیں اور درجنوں زخمی ہیں صرف نیویارک میں برفباری سے ہلاکتوں کی تعداد 27 ہے۔
نیویارک کا شہر بفیلو سب سے زیادہ متاثر ہوا جبکہ ریاستوں اوہائیو، کینٹکی، میزوری اور کنساس میں بھی برفانی طوفان نے تباہی مچادی۔
کینیڈا میں بھی برفانی طوفان نے معمولات زندگی کو درہم برم کر دیا ہے بم سائیکلون نے امریکا کے بعد سب سے زیادہ نقصان کینیڈا کو پہنچایا۔
فلپائن میں آنے والے سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی جس میں اب تک 13 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے جبکہ 45 ہزار افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ہے۔
رواں موسم سرما میں برفباری سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ایشیائی ملک جاپان ہے جہاں برفانی طوفان نے 17 افراد نگل لئے جبکہ 100 سے زائد زخمی ہیں۔
ان دنوں جاپان کے شمالی علاقوں میں شدید برف باری کا سلسلہ جاری ہے اور کرسمس کی چھٹیوں میں ملک کے بیشتر حصوں میں زیادہ برفباری ریکارڈ کی گئی۔
جاپان کی فائر اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی کے مطابق جاپان کے شہر ناگائی میں 2.6 فٹ برف باری ریکارڈ کی گئی اور اس دوران ایک گھر کی چھت سے گرنے والی برف تلے دب کر بزرگ خاتون ہلاک ہوگئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق موسم سرما کی وجہ سے جاپان کی مغربی ساحلی پٹی شدید برف باری کی لپیٹ میں ہے جب کہ برفباری کی وجہ سے دسمبر کے وسط سے ہی ہائی ویز پر ٹریفک متاثر اور ڈلیوریز تاخیر کا شکار رہیں۔
ادھرسعودی عرب میں بھی برفباری سے موسم سرد ہوگیا صوبے تبوک کے مشہور پہاڑوں الجبل اور الکان نے برف کی چادر اوڑھ لی اور سیاحوں کی بڑی تعداد برفباری سے لطف اندوز ہونے پہنچ گئے-
ماہرین کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں غیر معمولی اور غیر متوقع بارشوں، سیلاب، برفباری اور زلزلوں کی بنیادی وجہ موسمیاتی تغیرات ہیں۔ صنعتی ممالک کی زہریلی گیسیں دنیا کے ماحول کو ناقابل تلافی نقصان پہنچارہی ہیں۔