امریکا نے روس کو جنگی سازوسامان فراہم کرنے والی 19 بھارتی کمپنیوں پر پابندیاں عائد کردی ہیں۔
باغی ٹی وی:غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا کی جانب سے دنیا بھر کی تقریباً 400 کمپنیوں اور افراد پر پابندیاں عائد کرنےکا اعلان کیا گیا ہے امریکی وزارت خزانہ کے مطابق یہ پابندیاں روسی فوج کو جدید ٹیکنالوجی اور سامان فراہم کرنے پر عائد کی گئی ہیں، روس کی جانب سے یوکرین کے خلاف غیر قانونی اور غیر اخلاقی جنگ لڑنے میں مدد فراہم کرنے والوں کے خلاف امریکا اور اس کے اتحادی ایسے اقدامات کرتے رہیں گے۔
بھارت، چین، سوئٹزر لینڈ، تھائی لینڈ اور ترکی کے کاروباری اداروں نے روس کی وار مشین کو مضبوط بنانے کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجیز پر مشتمل اشیا اور ٹیکنالوجیز فراہم کی ہیں ،امریکی محکمہ خزانہ نے روسی وزارتِ دفاع کے اعلیٰ حکام اور روس کی مستقبل کی انرجی پروڈکشن اور برآمدات سے متعلق اداروں کو بھی نشانہ بنایا ہے۔
امریکا کے نائب وزیرِخزانہ ویلی ایڈییمو نے کہا کہ امریکا اور اس کے اتحادی دنیا بھر میں اُن ممالک اور اداروں پر نظر رکھے ہوئے ہیں جو روس کو جنگ میں قدم جمانے کے لیے درکار ٹیکنالوجیز، ہتھیار اور مشینری فراہم کرنے پر تُلے ہوئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق امریکی پابندیوں کی زد میں 19 بھارتی کمپنیاں اور 2 بھارتی شخصیات آئی ہیں بھارتی کمپنیاں روس کو الیکٹرانک، کمپیوٹر اور ایوی ایشن سے متعلق آلات فراہم کر رہی تھیں۔
امریکی پابندیوں پر ردعمل دیتے ہوئے بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان نےکہا ہےکہ ان کمپنیوں نے بھارتی قوانین کی خلاف ورزی نہیں کی، معاملے پر امریکی حکام سے رابطے میں ہیں تاکہ مسئلہ حل کیا جاسکے۔
مغربی میڈیا کے مطابق چین، قازقستان، ترکی اور متحدہ عرب امارات دُہرے استعمال والی ٹیکنالوجیز اور اشیا کی سپلائی کے حوالے سے اہم ممالک گردانے جارہے ہیں،ان ملکوں کی مدد سے روس اپنی جنگی استعداد کو برقرار رکھنے میں بہت حد تک کامیاب ہے۔ امریکا اور یورپ یوکرین جنگ کو ختم کرنے اور اُسے یورپ کے کسی ملک تک پھیلنے سے روکنے کے لیے دو سال سے کوشاں رہے ہیں۔ یورپ اس معاملے میں نیم دلانہ کوششیں کرتا رہا ہے جبکہ امریکا نے زیادہ جوش و خروش دکھایا ہے۔







