امریکا کی افغانستان سے دہشتگردوں کو روکنے کیلئے پاکستان کو مدد کی پیشکش

واشنگٹن:امریکا نے افغانستان سے دہشتگردوں کے حملے روکنے کیلئے پاکستان کو مدد کی پیشکش کردی۔اس حوالےسے پاکستان کے وزیرخارجہ بلاول بھٹوزرداری کا کہنا ہے کہ امریکا افغان سرحد سے حملے روکنے کیلئے پاکستان کو فنڈز فراہمی کیلئے تیار ہے۔بلاول بھٹو کے مطابق دورہ امریکا کے دوران انکی امریکی سینیٹر باب مینینڈیز اور لنڈسے گراہم سے اہم ملاقاتیں ہوئیں۔

دوسری جانب ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نیڈ پرائس کے مطابق افغانستان میں موجود دہشتگردوں نے حال ہی میں پاکستان میں حملوں میں اضافہ کیا ہے۔امریکی ترجمان کا کہنا تھا کہ ”بڑھتے خطرے“ سے نمٹنے کیلئے پاکستان کو مدد کی پیشکش کی ہے، دہشتگردی کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے پاکستان سے تعاون کریں گے۔

دوسری طرف وزیراعظم شہبازشریف کا کہناہے کہ بلوچستان میں کیپٹن سمیت5 فوجی جوانوں کی شہادت کی خبر دل دہلا دینے والی ہے۔ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔ٹویٹر پیغام میں شہبازشریف نے کہا کہ وطن کیلئے جانیں قربان کرنے والے ہیروز کو قوم خراج عقیدت پیش کرتی ہے، دہشت گردی کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

دوسری جانب وزیرداخلہ راناثنااللہ نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہداء قوم کے ماتھے کا جھومر اور فخر ہیں،قوم ان کے پیچھے کھڑی ہے، دہشتگردی کا پہلے بھی مقابلہ کیا،اب بھی طاقت سے قلع قمع کریں گے۔

Comments are closed.