امریکی سیاست ایک نئے مرحلے میں داخل
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر پنسلوانیا میں ہفتے کی شب حملہ ہوا، جس کے نتیجے میں ریلی میں شریک ایک شخص کی موت ہوئی جبکہ دو زخمی ہوئے، حملہ آور کو موقع پر ہی ہلاک کر دیا گیا،خبر رساں ادارے الجزیرہ کے مطابق ایف بی آئی کے ترجمان کیون روجیک کا کہنا تھا کہ حکام نے فائرنگ کرنے والے کی شناخت کر لی ہے تاہم وہ تفصیلات جاری نہیں کریں گے۔
سابق امریکی صدر ٹرمپ پر حملے کے واقعہ نے 2024 کی صدارتی انتخابی مہم کو نمایاں طور پر متاثر کیا ہے،اس واقعہ نے امریکی سماجی ،ثقافتی اور امریکی سیاست میں سلامتی کے طویل عرصے سے موجود بھرم کو توڑ دیا، حملے میں ٹرمپ کو معمولی چوٹ آئی، نیویارک ٹائمز کے ڈگ ملز کی تصویر میں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سر کے قریب سے گولی جاتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔
1981 میں جان ہنکلے جونیئر کے ہاتھوں رونالڈ ریگن کو گولی مارنے کے بعد سے صدارتی امیدوار کے خلاف تشدد کا ایسا ڈرامائی عمل نہیں دیکھا گیا۔ امریکہ کی سیاسی گفتگو پر اس واقعے کے مستقبل کے اثرات غیر یقینی ہیں۔ اگرچہ یہ یقینی ہے کہ یہ حملہ ٹرمپ کی مقبولیت کے گراف کو کئی درجے بڑھا دے گا.
ٹرمپ پر حملہ کے بعد قومی اتحاد کو فروغ دینے کے مطالبات کیے گئے ہیں۔ چند گھنٹوں کے اندرامریکی صدر جو بائیڈن جو نومبر میں ٹرمپ کے ممکنہ مخالف تھے، نے خطاب کرتے ہوئے کہا، "اس قسم کے تشدد کے لیے امریکہ میں کوئی جگہ نہیں ہے،ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے،قاتلانہ حملہ امریکی اقدار کے خلاف ہے ۔”
تاہم، اس واقعہ نے تیزی سے متعصبانہ تنازعہ کو بڑھا دیاہے کچھ ریپبلکن سیاست دان اس حملے کا ذمہ دار ڈیموکریٹس کو ٹھہرا رہے ہیں۔ (ایسے میں مجھے پاکستانی سیاست کی یاد آ رہی) دریں اثنا، جمعرات کی رات ٹرمپ کے اسٹیج پر آنے پر قومی سطح پر اسپاٹ لائٹ سخت ہوگی۔ ہر آنکھ گھبراہٹ یا نافرمانی کی علامت دیکھے گی۔ پہلے سے ہی ایک بلند مٹھی کے ساتھ خون آلود لیکن منحرف ٹرمپ کی تصاویر ریلی کی علامت بننے کے لیے تیار ہیں۔ ریپبلکن پارٹی یقینی طور پر اسے بہادری اور دفاع کی علامت کے طور پر استعمال کرے گی۔
اس غیر متوقع انتخابی سال میں ایک بات یقینی ہے کہ امریکی سیاست ایک نئے، مہلک مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔