گریمی ایوارڈ یافتہ مشہور امریکی گلوکار اور نغمہ نگار بریٹ جیمز اپنی اہلیہ اور بیٹی سمیت ایک نجی طیارہ حادثے میں ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ 18 ستمبر کو پیش آیا، جب 57 سالہ بریٹ جیمز اپنی اہلیہ اور 28 سالہ بیٹی کے ہمراہ نجی طیارے میں سفر کررہے تھے۔ طیارے نے امریکی شہر نیش ول کے جان سی ٹیون ایئرپورٹ سے پرواز بھری تھی۔ تاہم سہ پہر تقریباً 3 بجے شمالی کیرولائنا کے علاقے فرینکلن میں ایک اسکول کے قریب کھیت میں گر کر تباہ ہوگیا۔حادثے میں طیارے میں سوار تینوں افراد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔ خوش قسمتی سے اسکول کے کسی طالب علم یا عملے کو کوئی جانی نقصان نہیں پہنچا۔ امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق تباہ ہونے والا طیارہ بریٹ جیمز کے نام پر رجسٹرڈ تھا۔ حادثے کی فوری وجوہات سامنے نہیں آئیں، البتہ تحقیقاتی اداروں نے واقعے کی چھان بین شروع کردی ہے۔

بریٹ جیمز نے 1990 کی دہائی میں اپنا پہلا سولو البم ریلیز کیا تھا، تاہم وہ گلوکاری کے ساتھ ساتھ نغمہ نگاری میں بھی غیر معمولی شہرت رکھتے تھے۔ انہوں نے اپنے کیریئر کے دوران درجنوں مقبول فنکاروں کے لیے سینکڑوں گانے لکھے اور گائے۔ موسیقی کی دنیا میں ان کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں انہیں دو مرتبہ گریمی ایوارڈ سے نوازا جا چکا تھا۔بریٹ جیمز کے اچانک انتقال نے شوبز انڈسٹری اور مداحوں کو گہرے صدمے سے دوچار کر دیا ہے۔ سماجی اور موسیقی کے حلقوں کی جانب سے ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔

Shares: