انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے آج ضلع ہنگو کا اچانک دورہ کیا۔ پولیس لائنز ہنگو پہنچنے پرکمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج ہنگو ڈاکٹر رضوان منظور، آر پی او کوہاٹ عباس مجید خان مروت، کمشنر کوہاٹ ریجن معتصم باللہ شاہ، ڈی پی او ہنگو خان زیب مہمند، ایس پی انویسٹگیشن عبدالصمد خان، دپٹی کمانڈنٹ مزمل خان اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عبدالنصیر خان نے انکا استقبال کیا۔ آر پی او بنوں سجاد خان، پی ایس او ٹو آئی جی پی شہزادہ کوکب فاروق بھی انکے ہمراہ تھے۔
آئی جی خیبر پختونخوا نے ضلع ہنگو میں یادگارِ شہدا پر حاضری دی اور شہداء کے بلند درجات کیلئے فاتحہ خوانی کی جبکہ ملک و قوم کی سلامتی اور شہداء پولیس کے لئے خصوصی دعا مانگی گئی۔اس موقع پر آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار نے پولیس جوانوں کے ایک دربار میں شرکت کی۔ انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے درمیان موجودگی کا مقصد آپ کے حوصلے بلند رکھنا ہے اور ہم ہر مقام پر آپ کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہو کر دشمن کو منہ توڑ جواب دیں گے۔ ہنگو پولیس ہمت والی پولیس ہے، کسی محاذ پر پیچے نہیں ہٹے گی اور ہمیشہ کی طرح بہادری اور قربانی کی روایات کو قائم رکھے گی۔ ہنگو پولیس کھلے دل سے اپنی زمہ داریوں کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ لازوال قربانیاں بھی دے رہی ہے جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہنگو پولیس کے تمام مسائل کو ہنگامی بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے تاکہ اہلکار مزید مؤثر انداز میں فرائض منصبی ادا کر سکیں۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سالوں کے مقابلے پولیس ویلفیئر کے بجٹ میں تقریباً تین گنا اضافہ کیا گیا ہے، متعدد نئی سکیمیں شروع کی گئی ہیں اور اہلکاروں کے بچوں کیلئے صحت کی مد میں بہترین ہسپتالوں جبکہ تعلیم کیلئے اچھے کالجوں اور یونیورسٹیوں کے ساتھ معاہدے ہوئے ہیں تاکہ پولیس کے بچوں کوبہترین علاج معالجہ اور اچھی تعلیم فراہم کی جا سکے ۔ اور کہا کہ یہ سب اسی مقصد کے تحت کیا جا رہا ہے کہ موجودہ ملکی اور صوبائی صورتحال و حالات میں پولیس اہلکاروں کا مورال مزید بلند ہو۔
آئی جی پی کا مزید کہنا تھا کہ ملک اور صوبے کو عدم استحکام کی طرف دھکیلنے کی سازشیں جاری ہیں مگر ہم دشمن کے خلاف جہاد پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ آج کے دور میں خارجی دہشتگرد جدید ترین اسلحے سے لیس ہیں ایسا اسلحہ جو عالمی سطح پر بھی نہایت جدید سمجھا جاتا ہےلیکن ہم بھی ہر جدید ایکوپمنٹ استعمال کرتے ہوئے ان فتنہ پرور عناصر کو کیفرِ کردار تک پہنچائیں گے۔
بعد ازاں انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید پولیس ٹریننگ کالج ہنگو بھی گئے جہاں انہوں نے گزشتہ روز دہشتگردوں کے حملے میں شہید پولیس اہلکاروں کے ورثاء سے ملاقات کی۔ انہوں نے دہشتگردوں کے بزدلانہ حملے میں شہادت کا عظیم رتبہ پانے والے اہلکاروں کے اہلخانہ سے تعزیت کی اور شہدائے پولیس کے بلند درجات کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ صوبائی پولیس سربراہ نے کہا کہ دشمن انتہائی شاطر اور مکار ہے جس نے رات کی تاریکی میں پولیس انفراسٹرکچر اور اہلکاروں پر حملہ کیا جس کا ہمارے دلیر جوانوں نے بھرپور جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ جام شہادت نوش کرنے والے جوانوں نے اپنے خون کے آخری قطرے تک دشمن کو روکے رکھا اور شہادت کے عظیم مرتبے پر فائز ہوئے، آئی جی خیبر پختونخوا نے کہا کہ شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور انکے خون سے امن و آشتی کی بہاریں آئیں گی۔ انہوں نے اس پختہ عزم کا اعادہ کیا کہ جو بھی امن وامان خراب کرنے کی کوشش کریگا ان کوانجام تک پہنچائیں گے۔








