اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)احمد پور شرقیہ میں ریلوے ٹریک پر ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں فوڈ کلب کے قریب ایک نامعلوم شخص نے اسلام آباد سے کراچی جانے والی گرین لائن ایکسپریس کے آگے آ کر خودکشی کر لی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق، 35 سالہ شخص نے جیسے ہی خود کو ٹرین کے آگے پھینکا، ٹرین کی زوردار ٹکر سے اس کی لاش بری طرح مسخ ہو گئی، جس کے باعث فوری شناخت ممکن نہ ہو سکی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی اور لاش کو ضروری کارروائی کے بعد ٹی ایچ کیو ہسپتال احمد پور شرقیہ منتقل کیا گیا۔
پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے اور لاش کی شناخت کے لیے مقامی افراد سے معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔ ابتدائی طور پر خودکشی کی وجوہات معلوم نہ ہو سکیں۔