وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال چودھری نے گورنمنٹ ایم بی گرلز ہائی سکول نارووال کا دورہ کیا، جہاں سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی کے شعبے میں پنجاب بھر کے سکولوں میں منعقد کردہ مقابلوں میں شریک بچوں میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کے حوالے سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں پروفیسر احسن اقبال نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ “میں STEM مقابلوں میں حصہ لے کر پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔” انہوں نے مزید کہا کہ "آج خواتین کا عالمی دن منایا جارہا ہے اور اس دن کو گرلز سکول میں اس تقریب کے ذریعے ہم اپنی خواتین کی صلاحیتوں کو داد و تحسین پیش کرتے ہیں۔”احسن اقبال نے تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ "ہم ہر اس بیٹی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو محنت کرکے کسی بھی شعبے میں اپنا نام پیدا کر رہی ہیں۔” انہوں نے پولیس، ایئر فورس اور صحت سمیت مختلف شعبوں میں کامیاب خواتین کا ذکر کرتے ہوئے ان کی محنت اور عزم کو سراہا۔

پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ "ملکی ترقی خواتین کی شراکت کے بغیر ممکن نہیں۔ خواتین کی ترقی کا سب سے بڑا ذریعہ تعلیم ہے، اور ہم نے اپنے دور میں نارووال میں %70 خواتین کے سکولز کو اپ گریڈ کیا ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ "ہم نے ضلع نارووال کی تمام یونین کونسلز میں خواتین کے لیے کم از کم ایک ہائی سکول بنایا تاکہ ہر بچی کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کیا جا سکے۔”وفاقی وزیر نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ "آج کے دن میں نے تمام وزرائے اعلیٰ کو خط لکھا ہے کہ ملک کی تمام یونین کونسلز میں خواتین کے لیے ہائی سکولز بنانے کے لیے بجٹ تقویض کریں۔” ان کا کہنا تھا کہ "ہمیں وسائل اور آبادی میں توازن پیدا کرنے کے لیے کام کرنا ہوگا، اور ہمیں بچوں کی برین پاور میں بہتری لانے کی طرف بھی توجہ دینی ہوگی۔”

پروفیسر احسن اقبال نے اپنی تقریر میں کہا کہ "ہم نے اڑان پاکستان کا منصوبہ شروع کیا ہے تاکہ پاکستان کو پائیدار ترقی کی طرف لے جایا جا سکے۔” انہوں نے کہا کہ "ہم نے ملک میں امن و استحکام کی فضا پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ترقی کے راستے پر قدم رکھا جا سکے۔”

وزیر نے سیاست کے حوالے سے کہا کہ "سیاست کوئی ڈرامہ نہیں کہ جو سوشل میڈیا کی سکرین دیکھ کر اسکے فیصلے کیے جائیں۔” انہوں نے مزید کہا کہ "ہمارے ملک میں کسی بھی سیاسی جماعت کو ہلڑ بازی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔” ان کا کہنا تھا کہ "ہم نے اپنی سیاست کو داؤ پر لگا کر ملک کو دوبارہ مستحکم کیا ہے اور یہ سیاست ہمارے عہدے اور ہماری شان کے ساتھ مضبوط پاکستان کے ہی ممکن ہے۔”پروفیسر احسن اقبال نے نارووال کے لوگوں کو نارووال میڈیکل کالج کے قیام کی مبارکباد بھی پیش کی اور کہا کہ "آج مزدور اور محنت کش طبقے کے بچے نارووال کی یونیورسٹیوں سے تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔” انہوں نے مزید کہا کہ "نارووال کی یونیورسٹیاں، یو ای ٹی، ویٹرنری یونیورسٹی اور نارووال میڈیکل کالج جیسے اعلیٰ تعلیمی ادارے ہمارے مشن کی تکمیل کے ضامن ہیں۔”

وفاقی وزیر نے رمضان کے مہینے میں قرآن پاک کی تعلیم کی اہمیت پر بھی بات کی اور کہا کہ "ہمیں قرآن پاک کو ترجمے کے ساتھ پڑھنا چاہیے اور سمجھنا چاہیے۔” ان کا کہنا تھا کہ "ہمیں بچوں میں دین کے نام پر نفرت پیدا نہیں ہونے دینی چاہیے، اور مسلمان بھائی چارے اور صلہ رحمی کے اصولوں پر عمل پیرا ہوں۔”

اس موقع پر چئیرمین بیت المال پنجاب و ممبر صوبائی اسمبلی خواجہ محمد وسیم نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ "مجھے سرکاری سکول کے بچوں کی پرفارمنس دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے۔” خواجہ محمد وسیم نے کہا کہ "زیور تعلیم کو عام کرنا احسن اقبال چودھری کا عزم تھا اور آج ان کے مشن کی تکمیل ہو چکی ہے۔”

بعد ازاں وفاقی وزیر احسن اقبال نے سٹیم مقابلوں میں حصہ لینے والے ضلع نارووال کے طلباء میں لیپ ٹاپ بھی تقسیم کیے۔

Shares: