ڈی جی خان :کمشنر آفس کے سامنے دھرنا ۔کمشنرخود احتجاجیوں کے پاس پہنچ گئے، ٹرسٹ کی زمین واگذاراور المنظور آئی ٹرسٹ ہسپتال بنانے کا اعلان

ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی )کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن لیاقت علی چٹھہ نے اپنے آفس کے سامنے دھرنا اور مظاہرہ کرنے والوں کے پاس جاکر مذاکرات کئے اور ٹرسٹ کی زمین کے قبضہ مافیا کے خلاف موئثر قانونی کارروائی کرتے ہوئے المنظور آئی ٹرسٹ ہسپتال کے قیام کی نوید سنادی ہے.کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈیرہ غازی خان شہر کے وسط میں موجود 15 کنال رقبہ مخیر شخصیت نے 1982ء میں آنکھوں کے ہسپتال کےلئے وقف کیا اور آئی ہسپتال کےلئے ٹرسٹ رجسٹرڈ ہوچکا ہے۔تین کنال رقبہ پر قبضہ کی کوشش کی گئی ہے جسے واگزار کرانے کےلئے ہرممکن اقدامات کریں گے۔کمشنر نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان شہر میں آنکھوں کے ہسپتال کی اشد ضرورت ہے۔یہاں کریشر یونٹ،سیمنٹ فیکٹری اور ماحولیاتی آلودگی کی وجہ سے آنکھوں کے امراض بڑھ گئے ہیں۔المنظور آئی ٹرسٹ ہسپتال کےلئے ٹرسٹی کے ساتھ ڈیڑھ سو سے زائد مخیر حضرات کی کونسل بھی بنائیں گے تاکہ مستحق مریضوں کو مفت سہولیات فراہم ہوسکیں۔المنظور آئی ٹرسٹ ہسپتال کو ٹیچنگ ہسپتال سے منسلک کیا جائیگا۔کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ مرحوم مخیر شخصیت نے جس نیک مقصد کےلئے اربوں روپے کا رقبہ مختص کیا۔ہم شہریوں اور مخیر حضرات کے تعاون سے سٹیٹ آف دی آرٹ ٹرسٹ آئی ہسپتال بنائیں گے۔

Leave a reply