شیخوپورہ : ڈی پی ایس میں سالانہ تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد کیا گیا۔

باغی ٹی وی: شیخوپورہ (محمد طلال سے)شیخوپورہ ڈسٹرکٹ پبلک سکول شیخوپورہ میں سالانہ تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ طارق علی بسرا نے پوزیشنز حاصل کرنے والے طلباء و طالبات میں انعامات تقسیم کئے۔ تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس اینڈ پلاننگ) میاں نذیر احمد ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) مظہر علی سرور ، اسسٹنٹ کمشنر شیخوپورہ زینب طاہر ، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن فیصل جاوید ، ایڈمنسٹریٹیو آفیسر ڈپٹی کمشنر آفس سید اظہر گیلانی ، چیف وارڈن سول ڈیفنس چوہدری محمد الیاس گجر سمیت اساتذہ اور بچوں کے والدین نے شرکت کی۔ طلبہ نے خوبصورت انداز میں ٹیبلوز پیش کر کے تقریب کو چار چاند لگا دئیے۔ ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کسی قوم یا معاشرے کے لئے ترقی کی ضامن ہے اور قوموں کی ترقی یا زوال کی وجہ بنتی ہے۔تعلیم وہ زیور ہے جو انسان کا کردار سنوراتی ہے۔ دنیا میں ہر چیز بانٹنے سے گھٹتی ہے مگر تعلیم ایک ایسی دولت ہے جو بانٹنے سے گھٹتی نہیں بلکہ بڑھ جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسان کو اشرف المخلوقات کا درجہ تعلیم کی وجہ سے ہی دیا گے ہے۔ تعلیم کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا۔ دنیا میں ایسے ممالک کا شمار ترقی یافتہ اقوام میں ہوتا ہے ، جہاں شرح خواندگی میں بہتری کے لئے موثر اقدامات عمل میں لائے جاتے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے ڈسٹرکٹ پبلک سکول میں بہترین نظم و ضبط اور اعلی تعلیمی معیار پر سکول کی پرنسپل شاہدہ خان اور سکول سٹاف کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ ڈپٹی کمشنر نے ڈسٹرکٹ پبلک سکول میں زیر تعمیر کلاس رومز بلاک کے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا اور کلاس رومز کی تعمیر کے لیے استعمال کیے جانے والے تعمیراتی مٹیریل کا مشاہدہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ناقص اینٹوں کے استعمال پر کام کو فوری طور پر روکنے کا حکم دے دیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس اینڈ پلاننگ) میاں نذیر احمد کو ہدایت کی کہ ناقص تعمیراتی مٹیریل کو فوری طور پر تلف کروا کر معیاری مٹیریل منگوایا جائے اور تعمیراتی مٹیریل کی کوالٹی کا بغور جائزہ لینے کے بعد کام کا دوبارہ آغاز کیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بچوں کی تعلیم و تربیت پر کی جانے والی سرمایہ کاری مستقبل کے معماروں کو جنم دیتی ہے ، سکول کے تعمیراتی کام کے معیار اور رفتار پر کسی طرح کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

Leave a reply