قصور : بابا بلھے شاہ کا سالانہ عرس،ہزاروں زائرین کی آمد، سکیورٹی کے سخت انتظامات

قصور(باغی ٹی وی ،بیورورپورٹ) برصغیر پاک و ہند کے عظیم صوفی بزرگ اور شاعر حضرت بابا بلھے شاہ کے سالانہ عرس کی تین روزہ تقریبات کا آج دوسرا دن ہے۔ اس موقع پر ضلع بھر میں ضلعی انتظامیہ کی طرف سے سرکاری چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے۔

قصور پولیس نے عرس کی تقریبات کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کر رکھے ہیں۔ ڈی پی او قصور محمد عیسیٰ خان خود سکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ تقریباً 2 ہزار پولیس اہلکار تین شفٹوں میں ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔

خواتین زائرین کے لیے علیحدہ انتظامات کیے گئے ہیں اور ان کی چیکنگ لیڈی کانسٹیبلز کے ذریعے کی جا رہی ہے۔ سیف سٹی کیمروں کے ذریعے احاطہ دربار کو 120 سی سی ٹی وی کیمروں سے مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ علاوہ ازیں، سپیشل ٹریننگ یافتہ ایلیٹ کمانڈوز کو چھتوں پر تعینات کیا گیا ہے۔

ملک بھر سے ہزاروں زائرین عرس کی تقریبات میں شرکت کے لیے قصور پہنچے ہیں۔ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے ٹریفک پولیس کو متحرک کیا گیا ہے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو، بم ڈسپوزل سکواڈ اور دیگر اداروں کو بھی الرٹ رکھا گیا ہے۔

Leave a reply