عوامی نیشنل پارٹی(اے این پی)نے سینیٹ اور صدارتی انتخابات میں پیپلزپارٹی کی حمایت کا اعلان کردیا۔ سابق صدر آصف علی زرداری سےاے این پی کے رہنماوں نے ملاقات کی،ملاقات کرنے والوں میں بلوچستان اسمبلی میں اے این پی کے نو منتخب ایم پی اے زمرک خان اچکزئی اور سینیٹر نوابزادہ عمر فاروق شامل تھے ، اے این پی کے سینیٹر داؤد خان، سینیٹر نوابزادہ عمر فاروق کی جانب سے سینیٹ اور صدارتی انتخابات میں صدر آصف علی زرداری کی حمایت کا اعلان کیا گیا۔ پیپلزپارٹی کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ایم پی اے زمرک خان نے بلوچستان میں حکومت سازی میں پاکستان پیپلز پارٹی کی حمایت کا اعلان کردیا، اے این پی نے بلوچستان کی حکومت سازی میں مزید متحرک کردار ادا کرنے کا اعلان کیا، اس موقع پر علی مدد جتک اور میر علی حسن بروہی موجود تھے۔ دوسری جانب عوامی نیشنل پارٹی کے سینیٹر ارباب عمر فاروق نے کہا کہ اے این پی کے وفد نے سابق صد آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔سینیٹر ارباب عمر فاروق نے کہا کہ ملاقات میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال اور بلوچستان کی حکومت سازی سے متعلق بات چیت کی گئی، آصف زرداری سے ملاقات میں صدارتی و سینیٹ انتخابات میں حمایت کی کوئی یقین دہانی نہیں کرائی۔انہوں نے مزید کہا کہ صدارتی و سینیٹ انتخابات سے متعلق پارٹی قیادت کی مشاورت کے بعد لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

Shares: