عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کی معروف رہنما ثمربلور نے مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ثمربلور بلور کا تعلق بلور خاندان سے ہے، جو سیاسی لحاظ سے خیبر پختونخوا میں ایک جانی پہچانی شخصیت ہے۔
ثمر بلور اے این پی کے شہید رہنما ہارون بشیر بلور کی بیوہ ہیں، جنہوں نے پارٹی اور صوبے کی سیاست میں نمایاں کردار ادا کیا۔ ثمربلور نے 2018 میں ضمنی انتخابات جیت کر پہلی بار صوبائی اسمبلی کی رکن منتخب ہوئیں اور تقریباً چار سال تین مہینے اس عہدے پر فائز رہیں۔ ان کا سیاسی سفر 24 اکتوبر 2018 سے 18 جنوری 2023 تک جاری رہا۔جون 2020 میں انہیں خیبر پختونخوا کی عوانی نیشنل پارٹی کی صوبائی سیکرٹری اطلاعات مقرر کیا گیا، جہاں انہوں نے پارٹی کے پیغام کی عوامی سطح پر تشہیر اور روابط میں اہم کردار ادا کیا۔ ثمربلور نے یہ منفرد اعزاز بھی حاصل کیا کہ وہ خیبر پختونخوا اسمبلی کی پہلی خاتون رکن تھیں جو عوامی نشست سے منتخب ہوئیں، اور یہ کامیابی 16 سال بعد پشاور میں کسی خاتون کو نصیب ہوئی۔
ثمر بلور نے جیونیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ آج وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گی اور اس ملاقات کے بعد مسلم لیگ ن میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ سیاسی صورتحال اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے انہیں مسلم لیگ ن میں شامل ہونا زیادہ مفید محسوس ہوا ہے۔