عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری متوکل خان شانگلہ کے علاقے سانگڑئی میں ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق متوکل خان ایک تعزیتی دورے سے واپس آرہے تھے کہ سانگڑئی کے مقام پر ان کی کار بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جاگری۔ حادثہ اس قدر شدید تھا کہ وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ ان کے ہمراہ موجود ڈرائیور شدید زخمی ہوگیا۔ زخمی ڈرائیور کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔متوکل خان عوامی نیشنل پارٹی کے ایک متحرک رہنما تھے۔ وہ نہ صرف پارٹی کے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری کے عہدے پر فائز رہے بلکہ اس سے قبل اے این پی کے ضلعی جنرل سیکرٹری کے طور پر بھی اپنی خدمات انجام دے چکے تھے۔انہوں نے گزشتہ عام انتخابات میں اے این پی کے ٹکٹ پر صوبائی اسمبلی کی نشست کے لیے بھی انتخاب لڑا تھا۔ ان کی سیاسی جدوجہد اور عوامی خدمات کو ان کے ساتھیوں اور پارٹی قیادت کی جانب سے بے حد سراہا جاتا رہا ہے۔

متوکل خان کے اچانک انتقال پر اے این پی کی قیادت، کارکنان اور دیگر سیاسی و سماجی حلقوں میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا ہے۔ پارٹی رہنماؤں نے ان کے انتقال کو ایک ناقابل تلافی نقصان قرار دیا اور کہا کہ وہ ایک مخلص، ایماندار اور اصول پسند سیاستدان تھے۔پارٹی قائدین اور کارکنان کی بڑی تعداد نے ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے لواحقین کو صبر جمیل دے۔

Shares: