اوکاڑہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار ملک ظفر): ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) فرخ عتیق خان کی زیر صدارت انسداد ڈینگی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں عوامی آگاہی اور حفاظتی تدابیر کے ذریعے اس مہلک مرض سے نجات پانے پر زور دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ڈینگی سرویلنس کے عمل میں کوئی کوتاہی نہ برتنے کی سخت ہدایت دی اور حکومت پنجاب کی گائیڈ لائنز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا۔

اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر سیف اللہ وڑائچ، ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر احمد کمال، اور محکمہ صحت سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران شریک تھے۔ اجلاس کو ڈینگی کی روک تھام کے لیے کیے جانے والے اقدامات، سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کاؤنٹرز، ویکٹر سرویلنس، اور تمام محکموں کے اہلکاروں کی کارروائیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) فرخ عتیق خان نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ انسداد ڈینگی مہم میں تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کا عمل تسلسل سے جاری رکھا جائے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ انسداد ڈینگی کی کارروائیوں کو ڈیش بورڈ پر بروقت اپلوڈ کیا جائے اور عوام کو ڈینگی سے بچاؤ کے لیے مؤثر حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کے حوالے سے آگاہی فراہم کی جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ڈینگی سے بچاؤ کے لیے عوامی آگاہی اور حفاظتی تدابیر کلیدی اہمیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ عوام کو ڈینگی سے بچنے کے لیے مناسب معلومات فراہم کریں اور انسداد ڈینگی کی مہم کو مزید فعال اور مؤثر بنایا جائے۔

Shares: