ڈیرہ غازی خان میں انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کیلئے بھرپور کوششیں جاری

ڈیرہ غازی خان ،باغی ٹی وی(سٹی رپورٹرجواداکبرکی رپورٹ): ڈیرہ غازی خان میں انسداد پولیو مہم 9 سے 13 ستمبر تک جاری رہے گی۔ اس مہم میں ضلع کے 8 لاکھ 562 سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔

ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں ایک اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ادریس لغاری نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس خصوصی انسداد پولیو مہم میں مختلف محکموں کی افرادی قوت کی ضرورت ہے۔ مہم کے سٹاف کی ٹریننگ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور پچھلی مہمات کی کمیوں کو دور کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ، بیرون شہروں سے آنے والے کم عمر بچوں کی باقاعدہ رجسٹریشن کی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور کوششیں کی جائیں گی۔ یونیئن کونسل آفیسرز، ایریا انچارج اور سٹاف کی ٹریننگز کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔ جمعہ کے خطبات میں علماء کرام کو انسداد پولیو کے پیغام کو عام کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔ پولیو ٹیموں کی حفاظت کے لیے پولیس کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ پبلک مقامات اور پہاڑی علاقوں میں بچوں کو قطرے پلانے کے لیے فیلڈ کیمپس لگائے جائیں گے۔ والدین کو اپنے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کے لیے پولیو کے حفاظتی قطرے ضرور پلوانے چاہئیں۔ فلڈ متاثرہ علاقوں کے بچوں کو موقع پر انسداد پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ اسکولوں کی اسمبلیوں میں انسداد پولیو مہم کے پیغامات طلبا وطالبات تک پہنچائے جائیں گے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ صحت پر توجہ مرکوز ہے اور مائیکرو پلان پر عمل درآمد اور پرفارمنس کو بہتر بنانے کے لیے ہیلتھ افسران کی جدوجہد قابل تعریف ہے۔ افسران کو فیلڈ میں نکلنے اور ٹرانزٹ ٹیموں کی کڑی نگرانی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اجلاس میں اے ڈی سی غلام مصطفیٰ سیہڑ، پی اے محمد اسد چانڈیہ، ہما مہدی لغاری، ڈاکٹر یاسر، ڈاکٹر علی شیر، ڈاکٹر اویس، ڈاکٹر شہریار، ملک اطہر کلیم، قاری جمال عبد الناصر، وجاہت ملک، مولانا عمر فاروق، رمیسا مجاہد، سجاد نقوی اور دیگر افسران شریک تھے۔

Leave a reply