ننکانہ صاحب: رپورٹ بائے عبدالرحمان یوسف
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب راجا منصور احمد نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں سموگ کنٹرول پروگرام کی خلاف ورزی کرنے پر42اینٹوں کے بھٹوں کو سیل کیا گیا جبکہ 22افراد کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج ہو چکا ہے،سموگ سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر کو اپنا کر اس سے محفوظ رہا جاسکتا ہے،عوام الناس فصلوں کی باقیات،کوڑاکرکٹ، چمڑا اور ہسپتال کے فضلہ جات کو جلانے سے پرہیز کریں،خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ان خیالا ت کا اظہار ڈپٹی کمشنر ننکانہ راجہ منصور احمد نے انٹی سموگ کنٹرول پروگرام کےاجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات عبدالقیوم،بھٹہ مالکان سمیت ضلعی افسران نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر راجہ منصور احمد نے کہا کہ حکومت پنجا ب کی جانب سے جن اشیاء کے جلانے پرپابندی عائد کی گئی ہے وہ حالیہ موسم میں سموگ پیدا کرنے کا باعث بنتی ہیں، عوام کو سموگ کے خطرہ سے بچانے کے لیے پرانے ڈیزائن کے بھٹوں کو بند رکھا جائیگا صرف زگ زیگ ٹیکنالوجی استعمال کرنے والے بھٹوں کو کام جاری رکھنے کی اجازت ہوگی۔اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات عبدالقیوم نے ڈپٹی کمشنر راجہ منصور احمد کو اینٹی سموگ کنٹرول پروگرام کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اب تک ضلع بھر میں سموگ ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والے 42سے زائد بھٹوں کو سیل کردیا گیا ہے جبکہ 22بھٹہ مالکان کے خلاف متعلقہ تھانوں میں ایف آئی آرز کا اندراج کروایا جاچکا ہے،ضلع بھر میں زگ زیگ ٹیکنالوجی کا ستعمال نہ کرنے والے اینٹوں کے بھٹوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے۔

Shares: