اوچ شریف(باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان) تحصیل احمد پور شرقیہ کے خواجہ سرا جلیل ولد خلیل چنڑ کے ساتھ ضلع مظفرگڑھ کی تحصیل علی پورمیں اجتماعی زیادتی کا دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا۔ متاثرہ خواجہ سرا جو بھیک مانگ کر اپنی زندگی بسر کرتا ہے نے پولیس کو تحریری درخواست جمع کروا کر انصاف کی اپیل کی ہے۔
ایک ہفتہ قبل زین العابدین آرائیں نے اپنے دوست حضور بخش کے ساتھ مل کر جلیل کو دھوکے سے اپنے ساتھ لے جانے کا منصوبہ بنایا۔ انہوں نے بیٹا پیدا ہونے کی خوشی کا بہانہ بناتے ہوئے کہا کہ گھر چلو میری بیگم اپنے ہاتھوں سے تمہیں انعام دے گی۔ تاہم ملزمان اسے ایک خالی مکان میں لے گئے جہاں دونوں نے اسے زیادتی کا نشانہ بنایا۔
ظلم کی انتہا یہ ہے کہ ملزمان نے نہ صرف خواجہ سرا کو زیادتی کا نشانہ بنایا بلکہ اس کی برہنہ ویڈیو اور تصاویر بھی بنائیں اور سوشل میڈیا پر وائرل کر دیں جس سے متاثرہ شخص کو شدید ذہنی اذیت اور رسوائی کا سامنا کرنا پڑا۔
متاثرہ خواجہ سرا نے تھانہ سٹی علی پور میں تحریری درخواست دیتے ہوئے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایس ایچ او تھانہ سٹی کا کہنا ہے کہ معاملے کی تحقیقات جاری ہیں اور جلد ہی مقدمہ درج کیا جائے گا۔
یہ واقعہ نہ صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے ایک چیلنج ہے بلکہ معاشرے کے لیے بھی ایک لمحہ فکریہ ہے کہ کس طرح خواجہ سرا برادری کو ظلم اور استحصال کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔