اوچ شریف (باغی ٹی وی ،نامہ نگارحبیب خان)احمد پور شرقیہ میں کالج میں آپریشن "بنیان مرصوص” کی فتح پر ریلی، پاک فوج کو زبردست خراج تحسین
گورنمنٹ صادق عباس گریجویٹ کالج ڈیرہ نواب صاحب میں آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی اور دشمن بھارت کی شکست فاش پر ایک عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کی قیادت پرنسپل پروفیسر شاہد حسین مغل نے کی، جس میں کالج کے اساتذہ، طلباء و طالبات نے بھرپور شرکت کی اور اپنے وطن عزیز پاکستان کی سلامتی، استحکام اور پاک فوج کی عظیم قربانیوں کو بھرپور انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا۔
ریلی کے شرکاء نے "نعرہ تکبیر” اور "پاکستان زندہ باد” کے فلک شگاف نعروں کی گونج میں فوجی قافلے کا پرتپاک استقبال کیا، پھولوں کے ہار اور گلدستے پیش کیے، جبکہ فوجی گاڑیوں پر گل پاشی بھی کی گئی۔ طلباء و طالبات نے پاک آرمی کے افسروں اور جوانوں کو آپریشن بنیان مرصوص کی فتح پر دلی مبارکباد پیش کی اور ان کی شجاعت، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کو سراہا۔
اس موقع پر پرنسپل پروفیسر شاہد حسین مغل اور انچارج سکیورٹی آفیسر پروفیسر ڈاکٹر محمد الطاف ڈاھر جلالوی سمیت معزز اساتذہ کرام اور طلباء نے کہا کہ پاک فوج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ وطن سے محبت کا والہانہ اظہار کرتے ہوئے شرکاء کا جوش و جذبہ قابل دید تھا، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ پاکستانی قوم اپنی افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔








