خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس،مختلف امورکا جائزہ

0
86

نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کے زیر صدارت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں نجکاری کے عمل کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی گئی۔ ایپکس کمیٹی کے اجلاس جس میں آرمی چیف، نگراں کابینہ، نگران وزراء اعلیٰ اور متعلقہ اعلیٰ حکومتی اہلکاروں نے بھی شرکت کی۔ اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں کونسل کے تحت ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا.
اجلاس کو مختلف وزارتوں نے ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ اور مقرر شدہ اہداف کے بروقت حصول میں سہولت کیلئے اقدامات پر بریفنگ دی، کمیٹی نے کونسل کے تحت سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اٹھائے گئے مختلف اقدامات پر پیش رفت کو انتہائی اطمینان بخش قرار دیا۔
کمیٹی نے کونسل کے تحت ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کیلئے دوست ممالک سے روابط میں تیزی، سرکاری و نجی اداروں سے تعاون کے اقدامات کی تعریف کی، کمیٹی نے سرمایہ کار براداری کے ساتھ مختلف اقدامات کے حوالے سے مؤثر طریقے سے روابط بڑھانے کی بھی تعریف کی جس کی بدولت ملکی و غیر ملکی سطح پر منصوبوں کے حوالے سے پیش رفت میں تیزی واقع ہوئی ہے۔
کمیٹی نے ملک میں تیل اور گیس کے شعبے میں سرمایہ کاری کر کے اس مسئلے کے پائیدار حل کیلئے جامع لائحہ عمل بنا کر پیش کرنے کی ہدایت کی، کمیٹی نے خسارے کے شکار سرکاری اداروں کی نجکاری کے عمل کا جائزہ لیا اور اس کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا، کمیٹی نے نجکاری کے اس عمل کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں کمیٹی نے ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کے اقدامات کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بڑھانے کے پالیسی اقدامات کا بھی جائزہ لیا، ان پالیسی اقدامات میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے منافع کی منتقلی، ملک میں کاروباری تنازعات کے حل کے عمل، مواصلاتی بنیادی ڈھانچے اور افرادی قوت کی بین الاقوامی معیار کے مطابق ترقی، ایگزم بینک کو ترجیحی بنیادوں پر فعال بنانا شامل ہیں۔

وزیرِ اعظم نے تمام متعلقہ اداروں و اہلکاروں کو ہدایت کی کہ کونسل کے تحت اقدامات پر بھرپور تعاون و محنت سے عمل کیا جائے تاکہ پاکستان نہ صرف قلیل و وسط مدتی ثمرات سے فائدہ اٹھا سکے بلکہ ملک کے وسیع تر مفاد میں طویل مدتی اقدامات کی راہ بھی ہموار ہو۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پاکستان کی پائیدار معاشی بحالی میں پاک فوج کے حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کے عزم کا یقین دلایا۔

Leave a reply