پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے ترجمان تابش قیوم نے کہا ہے کہ پاکستان کا نوجوان ہنر مند ہو گا تو معیشت میں استحکام آئے گا،بے روزگاری میں کمی ہو گی، مرکزی مسلم لیگ نے دس روزہ صلاحیت بڑھاؤ اپنا کماؤ،ڈیجیٹل روزگار پروگرام میں ایک لاکھ سے زائد شہریوں کو ملک بھر میں تربیت دی،دس مئی کو کورس کی آخری کلاس اور اسی دن افواج پاکستان نے بھارتی جارحیت کے جنگی جنون کو ملیا میٹ کیا،پاکستان کے نوجوان ملک کا اثاثہ ہیں اور ضرورت پڑنے پر دفاع وطن کے لئے تیار و بیدار ہیں
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی مسلم لیگ کے ڈیجیٹل روزگار پروگرام صلاحیت بڑھاؤ،اپنا کماؤ کے شرکا میں سرٹفکیٹ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،تقریب میں مرکزی مسلم لیگ کے آئی ٹی ہیڈ ملک قاص سعید، صدر اسلام آباد زون احسان اللہ منصور، سیکرٹری جنرل راولپنڈی انجینئر مبین صدیقی نے بھی شرکت کی۔تقریب کے دوران صلاحیت بڑھاؤ،اپنا کماؤ،دس روزہ پروگرام کے پہلے مرحلے میں شریک ہونے والے افراد میں سرٹفکیٹ تقسیم کئے گئے.
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تابش قیوم کا کہنا تھا کہ مرکزی مسلم لیگ کو اعزاز حاصل ہےکہ ہم نے دس روزہ ملک گیر مفت کورس کروایا۔تین ہزار سے زائد کلاس روم ملک بھر میں فزیکل کلاس کے لیے قائم کئے گئے تھےجن میں ہزاروں لوگ شریک ہوکر مستفید ہوئے ۔صلاحیت بڑھاؤ،اپنا کماؤ کورس نے بہت ہی کم وقت میں قومی سطح پر اپنی پہچان بنائی۔اگر مرکزی مسلم لیگ یہ 10 دن کا کورس کروا سکتی ہے تو دوسری جماعتیں ،این جی اوز اور ادارے بھی یہ کام کرکے نوجوانوں کو فائدہ دے سکتے ہیں۔مرکزی مسلم لیگ نوجوانوں کے لئے تربیتی کورس کا سلسلہ جاری رکھے گی تا کہ نوجوان آگے بڑھ سکیں، کورس کے دنوں میں جنگی صورتحال کا سامنا بھی تھا لیکن کورس ایک دن بھی تعطل کا شکار نہیں ہوا بلکہ جس دن آخری کلاس تھی اس دن پاکستان نے بنیان مرصوص آپریشن کرکے معرکہ حق لڑا اور اللہ نے پاکستان کو فتح سے ہمکنار کیا ۔پوری قوم سیسہ پلائی دیوار بنی تو اللہ نے چند گھنٹوں میں پاکستان کو سرخرو کردیا۔افواج اسی وقت کامیاب ہوتی ہیں جب ان کے پیچھے قومیں ہوتی ہیں،جب ہم ایک آواز اور ایک قوم بن کر کسی منزل کا تعین کرتے ہیں تو اہداف طے کرنے میں مشکل درپیش نہیں آتی ۔دشمن نے پاکستان میں نفرتیں پھیلانے اور انتشار پھیلانے میں دہائیوں محنت کی لیکن اس کی ساری سازشیں ناکام ہوئیں۔
احسان اللہ منصور کا کہنا تھا کہ مرکزی مسلم لیگ کی سوشل میڈیا کی ٹیم کامیاب آئی ٹی پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد کی مستحق ہے ،دس روز میں ہزاروں شہری آئی ٹی کے کورس سے مستفید ہوئے۔آن لائن کاروبار نوجوانوں بالخصوص خواتین کے لیے ایک ناد ر موقع ہے۔خواتین وقار کے ساتھ کاروبار کرکے خود کفیل بن سکتی ہیں۔دس دن کا کورس صرف ابتداء ہے اور آئی ٹی کا شعبہ ایک کھلا میدان ہے اس میں زیادہ سے زیادہ سیکھ کر آگے بڑھنے کا وقت ہے ۔