ریاض: سعودی عرب کی سپریم کورٹ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ منگل کو ذوالحجہ کا چاند دیکھنے کی کوشش کریں۔

سپریم کو رٹ نے کہا کہ ام القری کلینڈر کے مطابق منگل 29 اپریل 2025 کو ذو القعدہ کی پہلی تاریخ تھی تاہم اس اعتبار سے منگل 27 مئی 2025 کو ذو القعدہ کی 29 تاریخ ہوگی،سپریم کو رٹ نے سعودی عرب کے تمام مسلمانوں سے درخواست کی ہے کہ وہ مذکورہ تاریخ کی شام کو ذو الحجہ کا چاند دیکھنے کی کوشش کریں۔

دوسری جانب پاکستان میں بھی ذوالحجہ کا چاند دیکھنے کے لیے کل بروز منگل کو رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس طلب کیا گیا ہے، اس طرح کل سعودی عرب اور پاکستان میں عید الاضحیٰ کی حتمی تاریخ بھی سامنے آ جائے گی۔

دوسری جانب سعودی عرب کی وزارت مذہبی امور نے اعلان کیا ہے کہ اس سال حج کا خطبہ شیخ صالح بن حمید دیں گے۔

شیخ صالح یوم عرفہ پر خطبہ دیں گے ، یوم عرفہ (9 ذو الحج) کو حج کا نکتہ عروج سمجھا جاتا ہے اور یہ دن فریضہ حج ادا کرنے والوں کے لیے سب سے اہم دن ہوتا ہے اور دنیا بھر میں موجود مسلمان جو حج کے لیے مقدس سرزمین نہیں جا سکتے وہ اس دن روزہ رکھتے ہیں۔

سربراہ امور حرمین شریفین شیخ عبدالرحمان السدیس نے شیخ صالح کی تقرری پر شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا ہے حکومتی بیان میں کہا گیا کہ یہ تقرری مملکت سعودی عرب کی دینی حوالے سے عالمی سطح پر قیادت اور مذہبی اداروں کی مسلسل حمایت کی عکاس ہے۔

Shares: