ڈیرہ غازی خان(باغی ٹی وی.سٹی رپورٹر، جواد اکبر)حلقہ پی پی 287 کے عوام کے لیے ایک اہم ترقیاتی خوشخبری سامنے آئی ہے، جب پل سیدن شاہ کے قریب پانچ کلومیٹر سے زائد طویل شاہراہ کی تعمیر کی باضابطہ منظوری دی گئی۔ اس موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی میزبانی علاقے کی معروف سماجی و سیاسی شخصیت سردار اللہ نواز خان گوپانگ نے کی، جنہیں لغاری گروپ کا معتبر رکن سمجھا جاتا ہے۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ سردار اللہ نواز گوپانگ نے اپنے خطاب میں اس منصوبے کو علاقے کے لیے "نئی زندگی کی نوید” قرار دیتے ہوئے کہا کہ سڑک کی تعمیر سے عوام کو آمدورفت میں آسانی، اور مقامی معیشت، زراعت و تجارت میں بہتری آئے گی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی صوبائی اسمبلی کے رکن و پارلیمانی سیکرٹری برائے زراعت سردار اسامہ فیاض لغاری تھے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے بتایا کہ وفاقی وزیر توانائی سردار اویس خان لغاری کی مشاورت سے حاجی غازی، سکھیرا آرائیں، سیدن بستی سمیت دیگر علاقوں میں متعدد ترقیاتی منصوبے جاری ہیں۔ انہوں نے مزید اعلان کیا کہ "کوٹ چھٹہ تا دراہمہ روڈ” کا منصوبہ بھی جلد شروع ہوگا، جو علاقے کی ترقی میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔
سردار اسامہ لغاری نے عوام سے اتحاد و اتفاق قائم رکھنے اور انتشار پسند عناصر کے عزائم کو ناکام بنانے کی اپیل کی۔ تقریب کے دوران سردار اللہ نواز گوپانگ نے علاقے کے دیگر دیرینہ مسائل سے بھی آگاہ کیا، جن پر سردار اسامہ لغاری نے موقع پر ہی متعلقہ محکموں کو فوری کارروائی کی ہدایت جاری کی۔
اختتام پر شرکاء نے اس اہم پیش رفت اور میگا پراجیکٹس کے اعلان پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے سردار اسامہ لغاری اور لغاری خاندان کی عوامی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔