اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان)احمد پور شرقیہ کے علاقے فردوس سنیما والا پھاٹک پر افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک نوعمر لڑکا ریلوے لائن عبور کرتے ہوئے تیز رفتار مال گاڑی کی زد میں آ گیا۔ حادثے میں 16 سالہ مجاہد ولد قاسم شدید زخمی ہو گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق لڑکے کے سر پر گہری چوٹیں آئیں جبکہ دائیں ٹانگ فریکچر ہو گئی۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اہلکار موقع پر پہنچے اور فوری طور پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ اہلکاروں نے لڑکے کو سی پی آر (CPR) دیتے ہوئے ٹی ایچ کیو ہسپتال احمد پور شرقیہ منتقل کیا، جہاں ڈاکٹرز نے تصدیق کی کہ بچے کی دل کی دھڑکن بحال ہو چکی تھی۔
ترجمان ریسکیو کے مطابق بروقت کارروائی سے بچے کی جان بچ گئی، تاہم زخموں کی نوعیت سنگین ہونے پر اُسے ضلعی وکٹوریہ ہسپتال بہاول پور ریفر کر دیا گیا۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ بچہ پھاٹک بند ہونے سے قبل جلدی میں پٹری پار کرنے کی کوشش کر رہا تھا کہ اچانک ٹرین آ گئی اور حادثہ پیش آیا۔ شہریوں نے ریلوے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ پھاٹک پر حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ آئندہ ایسے دلخراش واقعات سے بچا جا سکے۔








