اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)احمد پور شرقیہ کے نواحی علاقے پل فاروق آباد میں خوفناک آتشزدگی کے واقعے میں ہزاروں لیٹر پٹرول اور ڈیزل جل کر راکھ ہو گئے۔ واقعہ ہتھیجی، پل صادق آباد کے قریب ایک دکان میں پیش آیا، جہاں 1000 لیٹر پٹرول پلاسٹک کی بوتلوں میں اور 700 لیٹر ڈیزل ایک ٹینک میں ذخیرہ کیا گیا تھا۔ آگ نے لمحوں میں شدت اختیار کر لی۔

ریسکیو 1122 نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے قریبی دکانوں اور آبادی کو بچا لیا، تاہم کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا جا سکا۔ ابتدائی طور پر آتشزدگی کی وجہ شارٹ سرکٹ یا انسانی غفلت قرار دی جا رہی ہے، جبکہ تحقیقات جاری ہیں۔

خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، لیکن مالی نقصان لاکھوں میں بتایا جا رہا ہے۔ واقعے کے بعد مقامی آبادی میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ شہریوں نے غیر قانونی ایندھن کے ذخیرے پر ضلعی انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے فوری کریک ڈاؤن کا مطالبہ کیا۔

ڈپٹی کمشنر نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا اعلان کیا ہے، جبکہ ریسکیو حکام نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ ایندھن کے ذخیرے جیسی خطرناک سرگرمیوں سے باز رہیں اور مشکوک حرکات کی فوری اطلاع دیں۔ یہ واقعہ نگرانی کے فقدان اور غیر قانونی کاروبار کے خطرناک نتائج کا آئینہ دار ہے۔

Shares: