پشاور (باغی ٹی وی رپورٹ) آل پرائمری ٹیچرز ایسوسی ایشن (اپٹا) خیبر پختونخوا کے صوبائی کونسل کا اجلاس پشاور میں منعقد ہوا، جس کی صدارت صوبائی صدر عزیزاللہ خان نے کی۔ اجلاس میں خواتین اساتذہ سمیت تمام ضلعی صدور اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

اجلاس میں متفقہ طور پر 5 نومبر کو جناح پارک پشاور میں احتجاجی دھرنے کی تاریخ کی توثیق کی گئی۔ دھرنا اساتذہ کی آپ گریڈیشن کے نوٹیفکیشن، 13,500 اساتذہ کی ریگولرائزیشن، جبری پروموشنز کی بحالی اور پرائمری اسکولوں کی نجکاری روکنے کے مطالبات کے حق میں ہوگا۔

عزیزاللہ خان نے کہا کہ یہ دھرنا ایک نئی تاریخ رقم کرے گا اور غیر معینہ مدت تک جاری رہے گا۔ اگر مسائل حل نہ کیے گئے تو 5 نومبر سے 26 ہزار پرائمری اسکول بند کر دیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم ہمیشہ مذاکرات کے لیے تیار ہیں اور مسائل کا حل بات چیت کے ذریعے چاہتے ہیں تاہم اساتذہ اپنے حقوق کے لیے بھرپور طاقت کے ساتھ میدان میں آئیں گے۔

دھرنا 5 نومبر کو دوپہر 1 بجے جناح پارک پشاور میں شروع ہوگا۔

Shares: