آل پاکستان رائٹرز ویلفیئر ایسوسی ایشن (اپووا) کا ایک اہم اور اعلیٰ سطحی اجلاس لاہور کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا، جس کی صدارت بانی و صدر ایم ایم علی نے کی۔
اجلاس میں تنظیم کے سینئر وائس چیئرمین ملک یعقوب اعوان سمیت دیگر مرکزی و فعال عہدیداران، ممبران اور نمائندہ شخصیات نے شرکت کی۔اجلاس کا مقصد تنظیم کی آئندہ سرگرمیوں پر غور و خوض، گذشتہ کارکردگی کا جائزہ اور آئندہ منصوبہ بندی تھا۔ شرکاء نے متفقہ طور پر اس بات کا اعادہ کیا کہ اپووا کی تعلیمی و ادبی خدمات کو مزید وسعت دی جائے گی، اور اس ضمن میں سالانہ تربیتی ورکشاپ کو مسلسل نویں سال بھی بھرپور انداز میں منعقد کیا جائے گا۔اپووا کے بانی صدر ایم ایم علی نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نویں سالانہ تربیتی ورکشاپ نومبر کے دوسرے ہفتے میں منعقد کرنے کا حتمی فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ورکشاپ کا بنیادی مقصد نوجوان لکھاریوں، محققین، اساتذہ اور ادبی ذوق رکھنے والے افراد کی تربیت اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارنا ہے۔
اجلاس میں شامل دیگر اہم شرکاء میں حافظ محمد زاہد، سفیان فاروقی، اسلم سیال، محمد بلال، ممتاز اعوان، طارق نوید، ایمن سعید، لاریب اقراء، مدیحہ کنول، اور عروج درانی شامل تھے، جنہوں نے اپنی قیمتی آراء اور تجاویز سے اجلاس کو مؤثر بنانے میں کردار ادا کیا۔شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ ورکشاپ میں نہ صرف ملک بھر سے ابھرتے ہوئے لکھاریوں کو موقع دیا جائے بلکہ معروف ادبی شخصیات کو بھی مدعو کیا جائے تاکہ نوجوانوں کو سیکھنے کا بہتر ماحول فراہم ہو۔اجلاس کے اختتام پر بتایا گیا کہ ورکشاپ کی حتمی تاریخ اور دن کا باقاعدہ اعلان جلد کر دیا جائے گا۔ صدر اپووا ایم ایم علی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اللہ کے فضل سے اس بار بھی ورکشاپ اپنے معیار، اثر اور کامیابی کے حوالے سے ایک یادگار علمی و ادبی سرگرمی ثابت ہو گی۔